ایوان ثقافتی تحفظ استنبول نے تقسیم اسکوائر پر مسجد تعمیر کرنے کی اجازت دے دی
ایوان ثقافتی تحفظ استنبول نے معروف تقسیم اسکوائر پر مسجد کلچرل سنٹر تعمیر کرنے کی اجازت دے دی ہے۔
اس سے قبل ملک کے سیکولر کمالسٹ حلقوں کی جانب سے اسے متنازعہ بنانے کی کوشش کی جاتی رہی تھی اور مسجد کلچرل سنٹر کو عوامی مفاد کے خلاف قرار دیا جاتا رہا تھا۔
روزنامہ حریت کے مطابق مسجد کلچرل سنٹر 1482 مربع میٹر پر تعمیر کیا جائے گا اور اس کا ڈیزائن بھی منظور کیا جا چکا ہے۔ میناروں کے بغیر اس کی اونچائی 30 میٹر ہو گی۔
مسجد کے ساتھ ایک کانفرنس ہال جبکہ زیر زمین علاقے کو پارکنگ میں بدلا جائے گا جس میں 180 گاڑیاں کھڑی ہو سکیں گی۔
اس سے قبل 1983ءمیں بھی تقسیم اسکوائر پر مسجد کی تعمیر کا پلان لایا گیا تھا جسے رد کر دیا گیا تھا۔