امیر کویت الصباح کے لیے ترکی کا سب سے بڑا "آرڈر آف اسٹیٹ” اعزاز
ایوان صدارت میں صدر رجب طیب ایردوان اور امیر کویت شیخ صباح الاحمد کے درمیان ملاقات کے بعد ترکی اور کویت کےمابین دو طرفہ مختلف معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔ دستخطوں کےبعد صدر رجب طیب ایردوان نے امیر الصباح کو ترکی "آرڈر آف اسٹیٹ” پیش کیا۔ آرڈر آف اسٹیٹ غیر ملکی سربراہوں کو صدر ترکی کی طرف سے پیش کیا جانے والا سب سے بڑا آرڈر ہے۔
اس موقع پر صدر رجب طیب ایردوان نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ امیر کویت کو "آرڈر آف اسٹیٹ” کا اعزاز، ان کی ان تھک محنتوں اور کوششوں کی تحسین میں پیش کیا گیا ہے جو وہ دو ممالک کے درمیان مضبوط اور دوستانہ تعلقات کے لیے کر رہے ہیں۔ صدر ایردوان نے کہا: "میرے محترم بھائی، جب سے آپ کویت کے ایوان اقتدار میں آئے ہیں، آپ نے بڑے پیمانے پر ترکی اور کویت کے درمیان مضبوط اور دوستانہ تعلقات بڑھانے کے لیے کوششیں کی ہیں۔ آپ کی مضبوط انتظامیہ نے مشکل مسائل اور بحرانی دور سے گزرنے والے خطے میں علاقائی امن اور استحکام کی ضمانت دی ہے۔ ترکی اور کویت کے درمیان اتحاد و یکجہتی کو تاریخی دور میں لے جانے پر آپ تحسین کے حقدار ہیں”۔
تقریب کے بعد صدر ایردوان کی طرف سے مہمانوں کے اعزاز میں عشائیہ کا اہتمام بھی کیا گیا