ترکی، بنگلہ دیش میں روہینگیا مسلمانوں کے لیے جدید کیمپس تعمیر کرے گا

ترک صدر رجب طیب ایردوان نے جمعہ کے روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ترکی بنگلہ دیش میں روہینگیا کیمپس کی جدید خطوط پر تعمیر کرے گا کیونکہ اقوام متحدہ کی طرف سے بنائے جانے والے کیمپس خستہ حال اور پھٹ چکے ہیں-
کاغزکستان کے دارالحکومت آستانہ میں اسلامی ممالک کی کانفرنس کے لیے روانگی سے قبل انہوں نے صحافیوں سے بات کی- انہوں نے امید ظاہر کی کہ اسلامی ممالک کی تنظیم او آئی سی روہینگیا مسلمانوں اور میانمر بارے مسلم دنیا کی آواز بنے گی-
بنگلہ دیش میں روہینگیا مسلمانوں کی درماندہ حالات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ترکی ان کے لیے جدید کیمپس کی تعمیر کرے گا-
انہوں نے کہا: "بدقسمتی سے موجود کیمپس میں زندگی گزارنا محال ہے- ہم وہاں کی مقامی تنظمیوں کے تجربے سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ان کے لیے محفوظ اور قابل رہائش کیمپس کی تعمیر کریں گے اگر بنگلہ دیش کی سرکار ہمیں وہاں پر زمین کا اجراء کرتی ہے”-
ایردوان نے مزید کہا کہ بہت سے روہینگیا مسلمان میانمر کی ریاستی دہشتگردی کا نشانہ بنے ہیں اور بڑی تعداد محفوظ پناہ گاہوں کی تلاش میں نکلی ہے، اگر ہم زندہ رہنے کے لیے ان کا سہارا نہ بن سکے تو یہ ان پر دوسرا بڑا ظلم ہو گا-
انہوں نے کہا کہ میں نے کئی رہنماؤں سے سفارتی روایت سے بالاتر ہو کر بات کی ہے اس کے نتائج آستانہ میں او آئی سی کے اجلاس میں سامنے آنا چاہیں- انہوں نے مزید کہا: "امید ہے کہ اس کانفرنس میں ہم اس خونریزی اور ظلم کے خاتمے کے لیے اقدامات اٹھائیں گے”-