ترکی اور پاکستان، صحت کے شعبے میں مزید تعاون کے خواہاں
منگل کے روز ترک سرکاری فلاحی تنظیم،ٹیکا کے اعلی عہدیدان نے پاکستانی صوبہ پنجاب کے وزیراعلیٰ سے ملاقات کے دوران صحت کے شعبہ میںمزید تعاون پر بات چیت کی اور صوبے میں اسکل ڈویلپمنٹ پر غور کیا۔ یہ بات پنجاب گورنمنٹ کے بیان میں کہی گئی ہے۔
صدر مقام لاہور میں ہونے والی ملاقات کے دوران ٹیکا کے مشیر کامل قولباس اور وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے باہمی تعاون پر بات چیت کی۔
ترک محکمہ صحت، صوبہ پنجاب کے ہسپتالوں میں الیکٹرانک ہسپٹل انفارمیشن سسٹم کے قیام کے لیے بھی مدد کر رہا ہے
شہباز شریف نے ترک حکومت اور ترک پرائیویٹ سیکٹر کے صوبے میں تعاون اور سرمایہ کاری کو سراہتے ہوئے کہا کہ ترکی کا تعاون خصوصاً اسکل ڈویلپمنٹ، نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ "پاکستان کے مشکل حالات میں ترکی ہمیشہ ہمارے ساتھ کھڑا ہوا ہے”۔ انہوں نے دونوں اقوام کو "یک جان، دو قالب” قرار دیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ترکی نے صدر رجب طیب ایردوان کی متحرک قیادت میں ترقی اور خوشحالی کی انتہاؤں کو چھوا ہے۔
ٹیکا کے مشیر کامل قولباس نے شہباز شریف کی یقین دلایا کہ انقرہ صحت، اسکل ڈویلپمنٹ سمیت دوسرے شعبوں میں پنجاب حکومت کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے قولباس کو بتایا کہ دور دراز صوبائی شہر مظفرگڑھ میں واقع رجب طیب ایردوان ہسپتال کی توسیع کرتے ہوئے 400 نئے بیڈز کا اضافہ کیا جا رہا ہے۔