ترکی اور پاکستان کے مابین جامع دفاعی تعاون کے سمجھوتے پر دستخط
ترکی اور پاکستان کے مابین جمعرات کو دوطرفہ عسکری اور اسٹریٹجک تعاون کو بڑھانے کے لیے معاہدے پر دستخط کیے گئے۔
ترکی وفد کی قیادت ڈپٹی چیف آف ترک جنرل اسٹاف، جنرل اُمیت دوندار کر رہے تھے جبکہ پاکستان کی طرف سے سیکریٹری دفاع، لیفٹینٹ جنرل (ر) ضمیر الحسن شاہ نے قیادت کی۔
بات چیت کے دوران تمام عسکری شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ مشترکہ پریس ریلیز میں بتایا گیا کہ دو طرفہ وفد کی قیادت نے دفاعی اور عسکری شعبوں میں تعاون اور باہمی طور پر مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
جنرل اُمیت دوندار نے چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی پاکستان جنرل زبیر حیات، چیف آف آرمی اسٹاف پاکستان جنرل قمر جاوید باجوہ اور ائیر چیف مارشل سہیل امان سے بھی ملاقات کی۔ اس سے قبل جنرل اُمیت دوندار نے راولپنڈی میں پاکستانی وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف سے بھی ملاقات کی۔
ملاقاتوں میں دفاع کے تعاون مزید بڑھانے، دفاعی پیداوار پر باہم کام کرنے اور دہشتگردی اور سرحد پار پناہ گزینوں کی واپسی کے متعلق امور زیر بحث آئے۔
پاکستان کی طرف سے تربیت کے لیے ٹرینر 37 ائیر کرافٹ مفت فراہم کرنے پر ترک حکومت کا شکریہ ادا کیا گیا۔