ترکی بغاوتوں کے موضوع پر بین الاقوامی سمپوزیم کی میزبانی کرے گا
ترکی کے شہر کوجالی میں رواں ماہ کی 26 سے 28 تاریخ تک بین الاقوامی سمپوزیم منعقد ہونے جا رہا ہے جس کا موضوع "15 جولائی اور دیگر بغاوتیں؛ عالمی اثرات، میڈیا اور جمہوریت” ہوگا۔
میزبان کوجالی میٹرو پولیٹن میونسیپلٹی کے مطابق سمپوزیم کارتیپے سمٹ کے موقع پر منعقد ہوگا۔
ایک بیان کے مطابق دنیا بھر میں حکومتوں کے خلاف ہونے والی بغاوتوں کے موضوع پر یہ اب تک کا سب سے جامع فکری سیمینار ہوگا۔
یہ عالمی سیمینار کوجالی یونیورسٹی، استنبول یونیورسٹی، ساکاریہ یونیورسٹی، یلدرم بایزید یونیورسٹی، انٹرنیشنل سراجیوو یونیورسٹی، اناطولیہ ایجنسی، ٹی آر ٹی، وزارت عظمی کے رابطہ دفتر برائے پبلک ڈپلومیسی اور ترکش عرب انسٹیٹیوٹ برائے سٹریٹیجک سٹڈیز کے اشتراک سے منعقد ہوگا۔ بیان کے مطابق یہ مقامی اور بین الاقوامی طلبہ اور ماہرین کی دلچسپی کا محور ہوگا۔
بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اس سیمینار کے دوران دنیا کی 91 یونیورسٹیوں سے منسلک افراد اپنے تحقیقی مقالے پیش کریں گے اور ترکی سمیت 30 سے زائد ممالک کے لوگ دنیا بھر میں ہونے والی بغاوتوں، ان کی بنیادوں، اثرات اور ان کو ناکام بنانے کے طریقوں پر بحث کریں گے۔
سمپوزیم کے لیے تحقیقی مقالہ جات کا معیار جانچنے والی سائنٹیفک کمیٹی 262 افراد کی جانب سے جمع کروائے گئے 223 مقالے جانچے جن میں سے 106 مقالوں کو سمپوزیم میں پیش کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔
حکومتوں کے خلاف بغاوتوں سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک مثلا چلی، کولمبیا اور ارجنٹائن کے اہل علم اس مذاکرے میں حصہ لینے میں پیش پیش ہیں۔