ترکی ہر اچھے اور بُرے وقت میں بحرین کے ساتھ کھڑا رہے گا، صدر ایردوان

0 2,089

صدر رجب طیب ایردوان جو کہ بحرین کے سرکاری دورے پر موجود ہیں انہوں نے ایک خصوصی تقریب میں شرکت کی جہاں انہیں بحرین کا اعلیٰ ترین میڈل، شیخ عیسیٰ بن سلمان الخلیفہ سے نوازا گیا۔

صدر ایردوان نے صخیر محل میں ہونے والی اس تقریب سے خطاب کیا اور شاہ حماد بن عیسیٰ الخلیفہ سے ون ٹو ون ملاقات بھی کی۔ 

مشکل حالات میں آپ نے ہماری مدد کر کے ہمارے دل میں منفرد مقام حاصل کر لیا ہے

گزشتہ سال اگست میں شاہ الخلیفہ کے دورہ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے صدر ایردوان نے کہا، "مشکل حالات میں آپ نے ہماری مدد کر کے ہمارے دل میں منفرد مقام حاصل کر لیا ہے، اور اب اس دورے کے دوران آپ ہمیں بحرین کے اعلیٰ ترین اعزاز شیخ عیسیٰ بن سلمان الخلیفہ میڈل سے نواز رہے ہیں۔ میں یہ اعزاز بحرین اور ترکی کے مابین برادرانہ تعلقات کی نشانی کے طور پر وصول کر رہا ہوں۔ میں اللہ تعالیٰ سے دعاگو ہوں کہ وہ ہماری اس دوستی اور بھائی چارے کو قائم و دائم رکھے۔ میں خوشی محسوس کرتا ہوں کہ آپ بھی ایسی ہی رائے اور خواہش رکھتے ہیں”۔

نبی اکرم ﷺ کی حدیث مبارکہ "مسلمان دیوار کی اینٹوں کی طرح ہیں” کو پڑھتے ہوئے صدر ایردوان نے کہا ترکی اور بحرین کے مابین بھائی چارہ مضبوطی کے ساتھ آگے بڑھے گا اور مختلف شعبوں میں ایک دوسرے کا ہاتھ پکڑا جائے گا۔ انہوں نے کہا، "ترکی ہر اچھے اور بُرے وقت میں بحرین کے ساتھ کھڑا رہے گا۔ مجھے یقین ہے کہ ہمارا تعاون خطے میں امن، استحکام اور مستقبل کے خیر کا باعث بنے گا۔ ان خیالات کے ساتھ میں آپ سب کا اور تمام بحرینی بھائیوں کے پرتپاک استقبال پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔ میں ہمیشہ اس اعزاز کو قابل فخر سمجھوں گا”۔

شاہ الخلیفہ: آپ امت مسلمہ کی خدمت کر رہے ہیں

تقریب سے شاہ الخلیفہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا، ” ہم آپ کو یہ اعزاز آپ کی خدمات کے حوصلے میں دیتے ہوئے خوشی محسوس کر رہے ہیں، کیونکہ آپ امت مسلمہ کی خدمت کر رہے ہیں”۔

صدر رجب طیب ایردوان کے اعزاز میں تقریب کے بعد پُر تکلف عشائیہ کا بھی انعقاد کیا گیا۔

تبصرے
Loading...
%d bloggers like this: