ترک نائب وزیراعظم ‘پولیٹیشین آف دی ائیر’ جبکہ پاکستانی سفیر ‘ڈپلومیٹ آف دی ائیر’ قرار
نائب وزیر اعظم نعمان قرتولمش کو "پولیٹیشین آف دی ائیر” جبکہ انقرہ میں پاکستانی سفارت کار سہیل محمود کو "ڈپلومیٹ آف دی ائیر” قرار دیا گیا ہے، یہ اعزاز ترک پبلشنگ کمپنی بحارا میڈیا گروپ نے اپنی درجہ بندی میں دیا ہے۔
بحارا میڈیا گروپ نے اپنے سترہویں انٹرنیشنل میڈیا ایوارڈز کی تقریب شیرٹن ہوٹل، انقرہ میں کی۔
قرتولمش کو یہ اعزاز ان کی سال 2016ء میں سیاسی کارکردگی کی بنیاد پر دیا گیا۔
نائب وزیر اعظم نے گزشتہ روز ٹرمپ پر بیرونی دنیا سے پہلی بار ٹرمپ کی "مسلم بین” پالیسی پر کڑی تنقید کی اور کہا کہ کسی بھی ملک کے عام شہریوں کو اس طرح مجرم قرار دے کر قدغن نہیں لگائی جانی چاہیے اور ٹرمپ انتظامیہ کو اپنے فیصلے پر نظرثانی کرنا چاہیے ورنہ اس کے خطرناک نتائج نکلیں گے- ترکی اس پالیسی کو قبول نہیں کر سکتا۔
بہترین کارکردگی کی بنیاد پر انقرہ میں تعینات پاکستانی سفارت کار سہیل محمود کو "ڈپلومیٹ آف دی ائیر” قرار دیا گیا۔
سہیل محمود ایک پیشہ ور سفارت کار ہیں جنہیں انقرہ میں پہلی بار 1991ء میں تعینات کیا گیا، وہ چار سال تک خدمات سر انجام دیتے رہے۔ 2014ء سے وہ دوبارہ انقرہ میں پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ انہوں نے تاریخ اور عالمی تعلقات میں ماسٹرز ڈگری کر رکھی ہیں۔
اعزازات میں ترک وزیر زراعت فاروق چیلک بھی شامل ہیں جنہیں "منسٹر آف دی ائیر” قرار دیا گیا ہے جبکہ آق پارٹی کے نائب چیئرمین مصطفیٰ الیتاس کو "ڈپٹی گروپ چیئرمین آف دی ائیر” قرار دیا گیا ہے۔