تین کے بجائے 5 بچے پیدا کرو، تم یورپ کا مستقبل ہو، صدر رجب طیب ایردوان

0 7,258

ترک صدر رجب طیب ایردوان نے یورپ میں رہنے والے ترکوں پر زور دیا کہ وہ 5 بچے پیدا کریں۔ انہوں نے لاکھوں تارکین وطن کو باور کروایا کہ خطے کا مستقبل وہی ہیں۔ یہ بات اس وقت سامنے آئی جب انقرہ اور براسلز کے درمیان تعلقات کشیدہ ہو چکے تھے۔

ترکی اور یورپ کے سفارتی تعلقات سرد مہری کا شکار بن گئے جب جرمنی اور ہالینڈ نے ترک وزراء کو اپنے ملکوں میں داخل ہونے سے روک دیا جو اگلے ماہ اپریل میں ہونے والے صدارتی ریفرنڈم کے لیے "ہاں” کی مہم کے لیے وہاں پہنچ رہے تھے۔

صدر ایردوان نے یورپی ممالک کی ان حرکتوں پر کہا کہ وہاں نازی ازم دوبارہ زندہ ہو رہا ہے جس کی وجہ سے وہ ترکوں کے خلاف امتیازی سلوک روا رکھے ہوئے ہیں۔ یہ ریمارکس یورپ میں پہنچے تو گویا بھونچال آ گیا۔

ایردوان نے کہا: "یہاں سے میں اپنے شہریوں سے کہتا ہوں، میں اپنے بھائیوں اور بہنوں سے کہتا ہوں جو یورپ میں رہتے ہیں ۔۔۔ اپنے بچوں کا بہترین اسکولوں میں تعلیم دلواؤ، یقنی بناؤ کہ آپ کی فیملی بہتر علاقوں میں رہائش پذیر ہو، اچھی قسم کی کاریں استعمال کرو اور بہترین گھروں میں رہو”۔

"تین نہیں، پانچ بچے پیدا کرو، تم یورپ کا مستقبل ہو”۔

انہوں نے کہا: "یہ ان غلط کاریوں، دشمنیوں اور تحقیر آمیز رویوں کا بہترین جواب ہے جن کا آپ کو سامنا ہے”۔

یورپ میں رہنے والے ترکوں میں سے تقریباً ڈھائی ملین ترک شہری ترکی میں ہونے والے انتخابات میں ووٹ کا حق رکھتے ہیں۔ اس کے علاوہ لاکھوں ترک یورپ میں آباد ہیں۔

چار بچوں کے باپ صدر ایردوان اس سے قبل ترک ماؤں سے بھی اپیل کر چکے ہیں کہ وہ ملکی آبادی بڑھانے کے لیے تین بچے پیدا کریں۔

 

تبصرے
Loading...