سلطنت عثمانیہ کے تاریخی جانثارے ملٹری بینڈ "مھتر” نے یوم پاکستان کی تقریب لوٹ لی
سلطنت عثمانیہ کے تاریخی ترک ملٹری بینڈ "مھتر” نے اسلام آباد میں ہونے والی یوم پاکستان کی تقریب لوٹ لی۔ اس موقع پر مھتر عثمانی لباس پہنے مختلف دھنیں بکھرییں۔ "جیوے جیوے پاکستان” کی دھن کو بجا کر مھتر نے پاکستانیوں کے دل جیت لیے۔
ملٹری جانثارے بینڈ جسے مھتر کہا جاتا ہے، عہد سلطنت عثمانیہ میں سن 1299ء میں بنایا گیا تھا۔ مھتر کو دنیا کے سب سے پرانے بینڈ ہونے کا اعزاز حاصل ہے جو دنیا بھر میں پھیلے مسلمان کے شاندار ماضی کا عکاس بھی ہے۔ سلطنت عثمانیہ کے خاتمے کے وقت پاکستان کے بہت سے مسلمانوں نے اس کے لیے جانی و مالی قربانی پیش کی تھی۔ یہی وجہ ہے کہ مھتر کو یوم پاکستان پر منفرد پزیرائی حاصل رہی اور سب سے زیادہ پسند کیا گیا۔
یاد رہے کہ سلجوق سلطان علاء الدین کیقباد نے کچھ مھتر عثمان اوّل کو بطور تحفہ بھیجے تھے۔ عثمان اوّل کو سلطان کا تحفہ پسند آیا اور انہوں نے انہیں اپنے جانثاروں میں شامل کرلیا۔ اسکے بعد سے تقریبا سات سو سال یہ روایت رہی کہ یہ جانثار روزانہ نماز ظہر کے بعد مھترخانے میں جمع ہوکر عثمانی سلاطین کو سلامی پیش کرتے تھے۔
خلافت عثمانیہ کے سقوط کے بعد ان مھتران کو عسکری یونٹ سے علیحدہ کرکے بطور ”مھتر بینڈ” برقرار رکھا گیا۔ اب گزشتہ ستر برسوں سے یہ ترک جمہوریہ کی ہر قومی تقریب میں اپنے فن کا مظاہرہ کرتے ہیں۔
آج یوم پاکستان کے موقع پر منعقد ہونے والی یوم پاکستان پریڈ میں ان مھتران کی شرکت اور شاندار پرفارمنس نے خلافت عثمانیہ کی یاد تازہ کرکے میلا لوٹ لیا ہے۔