صدر ایردوان کا ریفرنڈم مہم کے لیے لگائے جانے والے "ناں” کیمپ کا دورہ
گزشتہ روز ترک صدر طیب ایردوان نے اس وقت سب کو حیران کردیا جب انہوں نے استنبول ایئرپورٹ جاتے ہوئے راستے میں ریفرنڈم میں صدارتی نظام کی مخالفت میں قائم کیمپ کا اچانک دورہ کیا
انہوں نے کیمپ میں پندرہ منٹ گذارے اور لوگوں سے بات چیت کی ، انہیں چائے کی پیش کش کی گئی مگر انہوں نے وقت کی کمی کی وجہ سے صرف پانی پینے پر اکتفا کیا۔ وہاں سے نکل کر انہوں نے قریب ہی قائم (ہاں) کیمپ کا دورہ کیا اور لوگوں کے درمیان کچھ وقت گذارا
واضح رہے کہ سولہ اپریل کو ترکی میں صدارتی نظام حکومت بارےعوامی ریفرینڈم منعقد ہورہا ہے جس میں 55اعشاریہ تین ملین ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے ۔اگر عوامی رائے آئینی ترمیم کے حق میں آئی تو ترکی کا جمہوری سسٹم صدارتی طرز حکومت میں تبدیل کردیا جائے گا۔
آئینی ترمیم کے بعد ترکی میں وزیراعظم کا عہدہ ختم کردیا جائے گا اور صدر کو بھی سیاسی پارٹی سے تعلق رکھنے کی اجازت مل جائے گی ۔اس کے علاوہ مجوزہ آئینی ترمیم میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پارلیمانی رکنیت کیلئے عمر کی کم سے کم حد اٹھارہ سال مقرر کردی جائے گی جس سے نائبین کی تعداد میں چھ سو ْ کا اضافہ ہوجائے گا ۔ مجوزہ نئے آئین کے تحت اگلے پارلمیانی اور صدارتی انتخابات نومبر 2019 میں منعقد کیے جائیں گے اور منتخب شدہ صدر کا دورانیہ پانچ سال ہوگا