صدر ایردوان کا پیوٹن کو فون، کرد ریفرنڈم اور آستانہ مذاکرات پہ تبادلہ خیال
صدر رجب طیب ایردوان نے اپنے روسی ہم منصب ولادی میر پیوٹن سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے جس میں دونوں رہنماءوں کے درمیان عراق کی مقامی کرد حکومت کے متنازعہ ریفرنڈم اور دیگر علاقائی امور پہ تفصیلی بات چیت ہوئی ہے۔
صدارتی محل سے جاری بیان کے مطابق دونوں رہنماءوں نے عراق اور شام کی زمین حدود کے تحفظ اور سالمیت کو یقینی بنانے پر زور دیا ہے۔
بیان میں بتایا گیا ہے کہ ایردوان اور پیوٹن نے شام کے بحران کے حوالے سے قازقستان کے دارالحکومت آستانہ میں ہونے والے مذاکراتی عمل کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا اور آئندہ جمعرات کو ترک دارالحکومت انقرہ میں ہونے والی ملاقات میں علاقائی امور کے حوالے سے مزید بات چیت کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے ترکی، روس اور ایران کے درمیان آستانہ میں مذاکرات ہوئے تھے جن کے دوران ادلب میں جاری امن عمل کی نگرانی کے لیے سینکڑوں مبصرین تعینات کرنے پر اتفاق کیا گیا تھا۔
روسی صدر پیوٹن آئندہ جمعرات کو انقرہ کا دورہ کرنے والے ہیں جہاں وہ صدر ایردوان سے دوطرفہ امور پر بات چیت کریں گے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل صدر رجب طیب ایردوان نے کرد علاقائی حکومت کے تحت عراقی سرحدوں میں ہونے والے متنازعہ ریفرنڈم پر ایرانی ہم منصب حسن روحانی سے بھی ٹیلی فون پر بات چیت کی تھی۔
دونوں رہنماؤں نے اس بات پہ اتفاق کیا کہ ریفرنڈم کو منسوخ نہ کرنے سے خطے کو مزید انتشار کا سامنا کرنا پڑے گا۔