پاکستان کے وزیر اعظم محمد نواز شریف، پاک- ترک اعلی سطحی اسٹریٹیجک تعاون کونسل کے 5ویں اجلاس میں شرکت کے لیے 22 فروری (بدھ) سے 24 فروری (جمعہ) تک ترکی کا تین روزہ دورہ کریں گے. یہ اطلاع پاکستانی وزرات خارجہ کی طرف سے ایک بیان میںدی گئی ہے۔ وزیراعظم پاکستان نوازشریف، ترک وزیر اعظم بن علی یلدرم کے ساتھ دارالحکومت انقرہ میں جمعرات کو منعقد ہونے والے پاک- ترک اعلی سطحی اسٹریٹیجک تعاون کونسل کے 5ویں اجلاس کی سربراہی کریں گے۔ بیان میں مزید بتایا گیا ہے کہ پاکستانی وزیر اعظم، صدر رجب طیب ایردوان سے ملاقات اور ترک پارلیمنٹ کا دورہ کریں گے ۔ وہ "15 جولائی 2016ء کی ناکام بغاوت کے خلاف پاکستانی قوم اور حکومت کی طرف سے پاکستان کی بھرپور حمایت اور یکجہتی” کی توثیق کریں گے۔ اجلاس کے اختتام پر ایک مشترکہ اعلامیہ جاری کیا جائے گا، توقع ہے کہ اس موقع پر بڑی تعداد میں معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط ہوں گے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ: "ترکی میں وزیر اعظم کے دورے اور پاک- ترک اعلی سطحی اسٹریٹیجک تعاون کونسل کے 5ویں اجلاس کے انعقاد سے دونوں برادر ممالک کے درمیان دیرینہ،بے مثال اور تاریخی رشتہ مضبوط ہو گا اور مختلف شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کے لئے ایک مضبوط محرک فراہم کرے گا”۔ پاک- ترک اعلی سطحی اسٹریٹیجک تعاون کونسل نامی ادارہ 2009ء میں قائم کیا گیاجو ترکی اور پاکستان کی اعلیٰ سطحی سیاسی قیادتیں کے مابین مشاورت اور تعاون کا فریم ورک فراہم کرتا ہے۔ یادرہے کہ کونسل کے تحت تجارت، توانائی، بینکاری، مالیات، مواصلات، ریلوے، تعلیم، ثقافت اور سیاحت سمیت کئی شعبوں میں تعاون کے لیے چھ ورکنگ گروپس کام کر رہے ہیں۔
تبصرے