ویزہ تنازعہ امریکا کی جانب سے کھڑا کیا گیا: صدر ایردوان کا الزام

0 1,102

صدر رجب طیب ایردوان نے امریکا کے ساتھ موجودہ ویزہ تنازعہ کا ذمہ دار واشنگٹن کو قرار دیا ہے۔

صدر ایردوان جو سربیا کے دورے پر ہیں نے منگل کو سرب دارالحکومت بلغراد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ سارا مسئلہ خود امریکا کی جانب سے کھڑا کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ استنبول میں امریکی قونصل خانے کے ترک ملازم کی گرفتاری کے جواب میں امریکی سفارت خانے نے اتوار کے روز ترک شہریوں کے لیے نان امیگریشن ویزہ سروس معطل کر دی تھی۔

جوابی قدم کے طور پر واشنگٹن میں ترک سفارت خانے نے بھی امریکی شہریوں کے لیے ترکی کا نان امیگریشن ویزہ یہ کہتے ہوئے بند کر دیا تھا کہ حالیہ واقعات نے ترک حکومت کو مجبور کر دیا ہے کہ وہ ترک مشن اور عملے کی سلامتی کے بارے امریکی حکومت کے عزم کا ازسرِ نو جائزہ لے۔

ترکی میں امریکی سفیر جان باس نے ویزہ سروس معطل کرنے کا اعلان کیا اور سوموار کو ان کی جانب سے ایک ویڈیو بیان نشر کیا گیا جس میں انھوں نے اس کی وجوہات پہ بات کی۔ تاہم ابھی تک واشنگٹن کی جانب سے اس اعلان پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔

ترک صدر نے کہا کہ "میرے لیے ذاتی طور پر یہ بات انتہائی حیران کن ہے کہ امریکا کے اعلی حکام میں سے کسی نے اس حوالے سے ترک وزیر خارجہ سے رابطہ تک کرنے کی زحمت نہیں کی۔ انقرہ میں بیٹھے ایک عام سفیر نے اپنے طور پر اتنا بڑا فیصلہ کر لیا اور اب وہ کہتا ہے کہ اس نے یہ اقدام اپنے ملک کے نام پر اٹھایا ہے۔”

ایردوان نے خبردار کیا کہ اگر اس فیصلے میں ٹرمپ انتظامیہ کے شامل ہونے کا شائبہ بھی ہوا تو ترک امریکا تعلقات مزید خرابی کی جانب جائیں گے۔

"اگر یہ فیصلہ اعلی حکام کی مشاورت سے کیا گیا ہے تو پھر ہمارے پاس امریکی انتظامیہ سے بات کرنے کے لیے کچھ نہیں ہے۔ لیکن اگر یہ فیصلہ اس سفیر نے اپنے طور پر کیا ہے تو اسے ایک منٹ کے لیے بھی یہاں رہنے کا کوئی حق نہیں ہے۔ انھیں چاہیے کہ اس سے پوچھیں کہ وہ کس کو خوش کرنے کے لیے ترکی اور امریکا کے تعلقات کو نقصان پہنچا رہا ہے۔”

 

 

 

تبصرے
Loading...
%d bloggers like this: