ترکش ایئرلائنز نے استنبول ایئرپورٹ پر 10 لاکھ مسافروں کا سنگِ میل عبور کرلیا

0 1,237

قومی پرچم بردار ترک ایئرلائنز (THY) اپنے نئے گھر اور نئے ہوابازی مرکز ‘استنبول ایئرپورٹ’ پر منتقلی کے بعد اب تک 1 ملین یعنی 10 لاکھ مسافروں کی میزبانی کر چکا ہے۔ اپنے پرانے ٹھکانے اتاترک ایئرپورٹ سے منتقلی کے بعد 6 اپریل سے ادارے نے استنبول ایئرپورٹ کے لیے اپنی پروازوں میں مرحلہ وار اضافہ کیا اور جمعے کو 895 پروازوں کے ساتھ اپنا مکمل آپریشن یہاں منتقل کردیا ہے۔ کل کی پروازوں کو ملایا جائے تو ترکش ایئرلائنز اپنے نئے ٹھکانے میں 10 لاکھ سے زیادہ مسافروں تک رسائی پا چکا ہے۔ ادارے نے 6 اپریل کو دوپہر 2 بجے استنبول ایئرپورٹ سے پہلی اڑان بھری تھی۔

ترکش ایئرلائنز کے جنرل مینیجر بلال ایکشی کا کہنا ہےکہ THY یہ قدم اٹھانے کے بعد سے اب تک 4,872 پروازوں کے ذریعے 8,41,915ک مسافروں کو منزلِ مقصود تک پہنچا چکا ہے۔ "آج کے مسافروں کے ساتھ ہم 10 لاکھ کا سنگِ میل بھی عبور کرلیں گے۔ اب تک معاملات بخوبی چل رہے ہیں اور آگے مزید بہتر ہوں گے۔” ہوا بازی کا نیا مرکز سمجھا جانے والا استنبول ایئرپورٹ 29 اکتوبر 2018ء کو ترک جمہوریہ کے قیام کے 95 سال مکمل ہونے پر کھولا گیا تھا۔ اِس وقت یہ ایئرپورٹ سالانہ 90 ملین مسافروں کو سنبھال سکتا ہے۔ حالانکہ یہ بھی بہت بڑی تعداد ہے لیکن تمام مراحل کی تکمیل پر یہ گنجائش 200 ملین سے زیادہ ہو جائے گی۔

استنبول ایئرپورٹ دنیا بھر میں 350 مقامات کے لیے پروازیں چلائے گا اور یوں دنیا کے اہم ترین ہوا بازی مراکز میں سے ایک بن جائے گا۔ شہری ہوا بازی کی دنیا نے THY کی استنبول ایئرپورٹ پر منتقلی کے موقع پر تاریخ کا عظیم ترین لاجسٹکس آپریشن دیکھا۔ اس آپریشن کو "عظیم منتقلی” قرار دیا گیا تھا جو 5 اپریل کو رات 3 بجے شروع ہوا۔ منتقلی میں امید تھی کہ 45 گھنٹے لگیں گے لیکن یہ وقت سے پہلے ہی مکمل ہو گئی بلکہ 33 گھنٹوں میں ہی 96 فیصد کام مکمل ہو گیا تھا۔ نئےایئرپورٹ کو سب سے زیادہ استعمال کرنے والی ترکش ایئرلائنز کو 10 ہزار سے زیادہ آلات کے ٹکڑے منتقل کرنا پڑے کہ جن کا وزن 47 ہزار ٹن سے بھی زیادہ تھا۔ پرانے ایئرپورٹ کے آلات کی نئےایئرپورٹ پر منتقلی کے دوران سامان اٹھانے والے ٹرکوں نے کُل 4 لاکھ کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا، یعنی دنیا کے گرد 10 مرتبہ چکر لگانے جتنا فاصلہ۔

آلات کے ان 10 ہزار پرزوں میں 44 ٹن وزنی ہوائی جہاز کھینچنے والے آلات سے لے کر انتہائی حساس نوعیت کے آلات تک شامل تھے کہ جو 5 ہزار ٹرکوں کے ذریعے نئے مقام تک پہنچے۔ 1933ء میں قائم ہونے والی ترکش ایئرلائنز 120 سے زیادہ ممالک کے 300 مقامات کے لیے پروازیں چلاتی ہے۔ 2018ء میں کمپنی نے 75.2 ملین مسافروں کو اپنی منزل تک پہنچایا اور اس دوران اس کے جہازوں کی 82 فیصد نشستیں پُر تھیں۔ اس سال ادارہ مقامی و بین الاقوامی راستوں پر 80 ملین مسافروں کا ہدف حاصل کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

استنبول کے ہوائی اڈوں پر مسافروں کی تعداد میں 2,10,000 افراد کا اضافہ

دوسری جانب جنوری سے مارچ کے عرصے میں استنبول کے تین ہوائی اڈوں پر مسافروں کی تعداد میں 2,10,291 کا اضافہ دیکھا گیا، جبکہ ایئر ٹریفک میں 1،897 پروازوں کا اضافہ بھی دیکھا گیا۔

جنرل ڈائریکٹوریٹ آف اسٹیٹ ایئرپورٹس اتھارٹی (DHMI) کے اعداد و شمار کے مطابق استنبول، اتاترک اور صبیحہ گوکچن ایئرپورٹس پر آنے جانے والی پروازوں پر فی ہوائی جہاز مسافروں کی اوسط تعداد 143 تھی۔

6 اپریل کو کمرشل فلائٹ ٹریفک کے لیے بند کیے جانے والے اتاترک ایئرپورٹ نے اِس سال کے پہلے تین ماہ میں 15.2 ملین مسافروں کو خدمات فراہم کیں، جن میں سے 4 ملین اندرونِ ملک اور 11.2 ملین بین الاقوامی پروازوں کے مسافر تھے۔

دوسری جانب صبیحہ گوکچن ایئرپورٹ نے سال کے پہلے تین مہینے میں کُل 8 ملین مسافروں کو خدمات فراہم کیں، جن میں سے 5 ملین مقامی اور 3 ملین بین الاقوامی فلائٹس کے تھے۔

جنوری، فروری اور مارچ 2019ء میں کُل 3،18،182 مسافروں نے استنبول ایئرپورٹ کو استعمال کیا جن میں سے 1،93،816 مقامی اور 1،24،366 بین الاقوامی مسافر شامل تھے۔

یوں کل 23.6 ملین افراد نے پہلی سہ ماہی میں استنبول کے تمام تین ایئرپورٹ استعمال کیے۔ یہ تعداد گزشتہ سال کے اسی عرصے میں 23.4 ملین مسافروں سے 2,10,291 مسافر زیادہ ہے۔

اس عرصے میں 1،07،072 پروازیں اتاترک ایئرپورٹ پہنچیں یا یہاں سے پرواز بھری، جن میں 28،777 ڈومیسٹک اور 78،295 بین الاقوامی پروازیں تھیں۔

سال کے پہلے تین مہینے میں صبیحہ گوکچن انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر آنے اور یہاں سے جانے والی پروازوں کی تعداد 54،557 تھی جن میں سے 32،571 اندرونِ ملک جبکہ 21،986 بین الاقوامی پروازیں تھیں۔

تین ماہ کے عرصے میں THY نے استنبول ایئرپورٹ سے 2،630 پروازیں چلائیں، جن میں سے 1،476 اندرونِ ملک اور 1،154 بین الاقوامی راستوں پر تھی۔

کل 1،62،362 ہوائی جہازوں نے گزشتہ سال کے ابتدائی تین مہینوں میں استنبول کے تینوں ایئرپورٹس استعمال کیے۔ اِس سال اسی عرصے میں استنبول کے تمام ہوائی اڈے استعمال کرنے والے جہازوں کی تعداد 1،64،259 تھی۔

یوں گزشتہ سال کے مقابلے میں 1،897 جہازوں کا اضافہ دیکھا گیا۔

تبصرے
Loading...