ترکی میں سیلاب کے بعد 200 افراد کو نکال لیا گیا
ترکی کے مشرقی بحیرۂ اسود کے علاقے میں سیلاب کے بعد تقریباً 200 افراد کو نکال لیا گیا ہے۔
ڈیزاسٹر اینڈ مینجمنٹ اتھارٹی (AFAD) کے مطابق تیز بارشوں کی وجہ سے دریائے آرہاوی میں طغیانی آئی، جس سے آرتوین صوبہ کے مرکزی اور دیہی علاقوں میں سیلاب آ گیا۔
ضلع آرہاوی میں پھنسنے ہوئے 6 افراد جبکہ مرگل میں 9 افراد کو نکال کر محفوظ علاقوں کی جانب منتقل کیا گیا۔
وزیر صحت فخر الدین کوجا نے کہا کہ ایک شخص کو آرہاوی میں ملبہ سے نکال کر ہسپتال پہنچایا گیا ہے اور اب وہ بہتر حالت میں ہے۔
وزیر داخلہ سلیمان سوئیلو اور وزیر ٹرانسپورٹ و انفرا اسٹرکچر عادل قرا اسماعیل اوغلو بھی سیلاب سے متاثرہ علاقو ں میں پہنچے ہیں۔
علاقے میں بجلی کی ترسیل بھی متاثر ہوئی ہے۔ وزارت توانائی و قدرتی وسائل کا کہنا ہے کہ آرتوین اور ریزہ کے ملحقہ صوبوں میں سیلاب کی وجہ سے 3,045 گھرانے بجلی سے محروم رہے۔ 9,650 گھرانوں کی بجلی سکیورٹی اقدامات کی وجہ سے بند کی گئی۔
دریں اثنا، ترکی کی سرچ اینڈ ریسکیو ایسوسی ایشن (AKUT) نے 18 افراد کو ریسکیو کیا ہے کہ جن میں آٹھ بچے بھی شامل تھے۔ یہ افراد آرہاوی کی منجونا آبشار میں پھنس گئے تھے۔
گزشتہ ہفتے کے دوران صوبہ ریزہ میں ہونے والی زبردست بارشوں کے بعد آنے والے سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے کم از کم چھ افراد جاں بحق ہوئے ہیں جبکہ دو ابھی بھی لاپتہ ہیں۔