رواں سال چھ نئی ایئرلائنز استنبول ایئرپورٹ کے لیے پروازیں شروع کریں گی

0 306

مسافروں اور ایئرلائنز کی تعداد میں مسلسل اضافہ کے ساتھ استنبول ایئرپورٹ اِس سال مزید ایئرلائنز کا خیر مقدم کرے گا۔

ایئرپورٹ آپریٹر IGA کے چیئرمین اور جنرل مینیجر قادری سمسونلو نے کہا ہے کہ کمپنی نے ہوائی اڈے کی گنجائش میں اضافہ کر لیا ہے اور یہاں سے 11 مزید ایئرلائنز کے لیے پروازیں ممکن بنا رہی ہے۔ ٹورازم انوسٹرز فورم (TIF 2020) کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ "ہم نے 2020ء کے لیے چھ نئی ایئرلائنز کے ساتھ معاہدے کیے ہیں۔ یہ رحجان آئندہ دنوں میں بھی جاری رہے گا۔”

سمسونلو نے کہا کہ "اس وقت استنبول ایئرپورٹ سے 126 ملکوں کے لیے پروازیں ہو رہی ہیں۔ فرانس پروازوں کے معاملے میں 90 ممالک کے ساتھ قریبی ترین ملک ہے۔ استنبول ایئرپورٹ سے اتنے زیادہ مقامات کی پروازوں کی وجہ دراصل ترکی کی جغرافیائی حیثیت ہے۔ صرف تین گھنٹے کی پرواز کی مدد سے استنبول سے 60 دارالحکومتوں اور 120 مقامات تک جانا ممکن ہے۔”

IGA چیئرمین نے یہ بھی کہا کہ ہوائی اڈے کے تمام مراحل ایک بار مکمل ہو جائیں تو یہ معیشت میں 40 ارب ڈالرز کا حصہ ڈالے گا۔

2019ء میں ترکی سے سفر کرنے والے کُل مسافروں میں سے 25 فیصد استنبول ایئرپورٹ پر آئے۔ گزشتہ سال میں استنبول ایئرپورٹ نے تقریباً 52.6 ملین فضائی مسافروں کی میزبانی کی۔ تقریباً 3,26,713 کمرشل پروازوں نے پچھلے سال میں اس میگا ایئرپورٹ سے اڑان بھری، جو ملک بھر سے ہونے والی کُل پروازوں کا 21 فیصد ہیں۔

ترک ہوائی اڈوں نے 2019ء میں کل 209.09 ملین مسافروں کی میزبانی کی، جن میں ٹرانزٹ پسنجرز بھی شامل تھے، یہ تعداد پچھلے سال کے مقابلے میں 0.9 فیصد کم تھی۔

استنبول ایئرپورٹ کا باضابطہ افتتاح 29 اکتوبر 2018ء کو جمہوریہ ترکی کے قیام کے 95 سال مکمل ہونے پر کیا گیا تھا اور 6 اپریل 2019ء سے اتاترک ایئرپورٹ کا ٹریفک یہاں منتقل ہونے لگا۔

2028ء میں چھ رن وے کے ساتھ اس ہوائی اڈے کے تمام چار مراحل مکمل ہو جائیں گے کہ جن کے ساتھ یہ اپنی مکمل سالانہ گنجائش 200 ملین مسافروں کا خیر مقدم کرے گا۔ یوں 100 سے زیادہ ایئرلائنز اور دنیا بھر کے 300 سے زیادہ مقامات کے لیے پروازوں کے ساتھ استنبول عالمی ہوا بازی کا مرکز بن جائے گا۔

تبصرے
Loading...