‏95 سال قبل وجیہی حُرکش ترکی کو آسمان کی بلندیوں تک لے گئے

0 121

ترکی نے منگل کے روز وجیہی حُرکش کے بنائے گئے اوّلین جہاز کی پہلی پرواز کے 95 سال مکمل ہونے کا جشن منایا۔

حُرکش ایک ایوی ایشن انجینئر تھے کہ جنہوں نے 1923ء میں اپنے ہوائی جہاز وجیہی K-VI کو بنانے کا آغاز کیا تھا اور دو سال بعد ترک صوبہ ازمیر میں اس ہوائی جہاز کی پہلی پرواز کی تھی۔

اپنی زندگی میں مختلف ترک عسکری و بحری اکادمیوں میں تدریس کے فرائض انجام دینے والے حُرکش کو ہوا بازی کے شعبے کے فروغ کا جنون تھا اور وہ ملک میں اس صنعت کے بانیوں میں شمار کیے جاتے ہیں۔

1925ء میں چھپنے والے ایک انٹرویو میں حُرکش نے کہا تھا کہ "1923ء وہ سال تھا کہ جس میں سائنسی ترقی اور ہوا بازی پر تحقیق بدستور ارتقائی مراحل میں تھی۔”

انہوں نے ترک جنگِ آزادی کے دوران پکڑے گئے ایک یونانی جہاز کے مٹیریل کو استعمال کرتے ہوئے ترکی کے پہلے ہوائی جہاز پر کام کا آغاز کیا۔ البتہ اُس وقت ملک میں ہوا بازی کے حوالے سے تکنیکی تجربے سرے سے مفقود تھا۔ "اُس وقت ہماری فضائیہ میں ایک ہوائی انجنیئر تک نہیں تھا، اور نہ ہی کوئی ایسا فرد جو سائنسی طریقے سے جہاز کے پرزوں کا جائزہ لے سکتا۔ اس لیے میں نے فیصلہ کیا کہ اس نئے میدان میں میں اپنے بل بوتے پر خود اُتروں گا۔”

حُرکش 1896ء میں پیدا ہوئے تھے اور اپنی ابتدائی تعلیم استانبول میں حاصل کی۔ بعد ازاں انہوں نے فوج میں شمولیت اختیار کی اور پائلٹ کی حیثیت سے بھرتی ہوئے۔وہ 1917ء میں قفقاز کے محاذ پر روسیوں کے خلاف لڑے اور دشمن کے کسی جہاز کو مار گرانے والے پہلے تُرک بنے۔ انہوں نے پہلی جنگِ عظیم اور جنگِ آزادی کے دوران کئی بار اپنی زندگی خطرے میں ڈالی۔

ترکی کے پہلے ایئر پلین ڈیزائنر اور مینوفیکچرر کی حیثیت سے حُرکش ترک ایروناٹیکل ایسوسی ایشن کے بانیوں میں سے ایک تھے۔ انہوں نے ترکی کا پہلا پیراشوٹنگ اسکول شروع کیا اور 1932ء میں اپنی نوعیت کا پہلا وجیہی سوِل ایوی ایشن اسکول کھولنے سے پہلے اپنا ایوی ایشن میگزین بھی چھپوایا۔ اپنے کیریئر کے دوران انہوں نے وجیہی XIV، وجیہی XV اور نوری بے-وجیہی XVI طیارے بنائے۔ حُرکش کا انتقال 16 جولائی 1969ء کو انقرہ میں ہوا۔

پائلٹ کی حیثیت سے اپنے کیریئر میں، جو 52 سالوں پر مشتمل تھا (1916ء تا 1967ء)، حُرکش نے 102 مختلف ماڈلز کے جہاز اڑائے اور تقریباً 30,000 گھنٹے (اپنی زندگی کے 3.4 سال) کاک پٹ میں گزارے۔ 1994ء میں انہیں ترکی میں شہری ہوا بازی کے لیے زبردست خدمات پر حُرکش کو بعد از وفات انٹرنیشنل سول ایوی ایشن آرگنائزیشن (ICAO) کا 50 ویں سالگرہ کا ایوارڈ دیا گیا۔

تبصرے
Loading...