ترکی نے برطانیہ سے ایئر کرافٹ کیریئر خریدنے کی بات کی، دعویٰ

0 822

انقرہ نے گزشتہ سال حکومتِ برطانیہ سے ایک نیا یا استعمال شدہ ایئر کرافٹ کیریئر یعنی طیارہ بردار جہاز خریدنے کی بات چیت کی تھی، یہ دعویٰ مڈل ایسٹ آئی (MEE) نے ایک رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے کیا ہے، جس کا کہنا ہے کہ ان مذاکرات کے کوئی نتائج برآمد نہیں ہوئے۔

رپورٹ کا کہنا ہے کہ یہ مذاکرات کوئین ایلزبتھ کلاس ایئر کرافٹ کیریئر کے حصول کے لیے ہوئے تھے، جس کی تصدیق دو ذرائع نے کی ہے، البتہ برطانوی حکام ان دعووں کو مسترد کر رہے ہیں۔

ذرائع میں سے ایک کا کہنا ہے کہ انہوں نے ایک ایئرکرافٹ کیریئر کا ڈیزائن پیش کیا اور اس کی ترکی میں تعمیر کے دوران تکنیکی مدد کی پیشکش بھی کی۔ جبکہ اس معاملے سے آگاہ ایک اور شخص کا کہنا ہے کہ برطانوی حکومت کے ساتھ مذاکرات کے بعد ترکی نے فیصلہ کیا کہ وہ خریدنے کے بجائے اپنا جہاز خود بنائے گا۔

برطانیہ کا محکمہ بین الاقوامی تجارت نہ ہی ان مذاکرات کی تردید کرتا ہے اور نہ تصدیق۔

مڈل ایسٹ آئی نے ادارے کے ترجمان کا حوالہ سے لکھا ہے کہ قریبی نیٹو اتحادیوں کی حیثیت سے برطانیہ اور ترکی طویل المیعاد اور مضبوط دو طرفہ دفاعی تعلقات رکھتے ہیں، جو تعاون اور اشتراک پر مبنی ہیں۔ تحریری بیان میں ترجمان نے کہا کہ برطانیہ اور ترکی دفاعی و سکیورٹی معاملات پر باقاعدہ مذاکرات کرتے ہیں۔ لیکن ہم ان کی تفصیلات پر تبصرہ نہیں کرتے۔

صدر رجب طیب ایردوان نے حال ہی میں ملک کے نئے منصوبوں کی جانب کچھ اشارے دیے جن میں ایئر کرافٹ کیریئر کی تیاری بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہا تھا کہ مقامی طور پر ڈیزائن کردہ نیا طیارہ بردار جہاز ترکی کو بحری محاذ پر دنیا کے بڑے ممالک کی صف میں لے آئے گا۔

ترک بحری افواج کی ضروریات پوری کرنے کے لیے ترکی پہلے ہی TCG انادولو کی تعمیر شروع کر رہا ہے۔ یہ ایک لینڈنگ ہیلی کاپٹر ڈاک (LHD) قسم کا جنگی جہاز ہے کہ جو مختلف طیاروں کو اترنے کی اجازت دیتا ہے کہ جن میں عمودی اور مختصر ٹیک آف اور لینڈنگ کرنے والے لڑاکا طیارے بھی شامل ہیں۔ ان سے فوجی اہلکاروں اور گاڑیوں کی بڑی تعداد میں منتقلی بھی ممکن بناتا ہے۔

ہسپانوی LHD ہوان کارلوس کی طرز پر تیار کیا گیا TCG انادولو ان منصوبوں میں شامل ہے جو 2021ء میں مکمل ہونے کے لیے تیار ہے۔ یہ قرب و جوار کے سمندروں میں بحری صلاحیتوں کو بہتر بنائے گا۔

تبصرے
Loading...
%d bloggers like this: