اداکار ایبرک پیکجان المعروف ‘آرتک بے’ انتقال کر گئے

0 5,643

ارطغرل غازی ڈرامہ سیریل کے معروف آرتک بے، سینما اور ٹی وی اداکار ایبرک پیکجان ہسپتال میں انتقال کر گئے۔ وہ مرسین کے ایک ہسپتال میں زیر علاج تھے۔ انہوں نے گذشتہ سال اکتوبر میں انکشاف کیا تھا کہ ڈاکٹروں نے ان کے پھیپھڑوں میں کینسر کی تشخیص کی ہے۔

تازہ ترین اطلاعات کے مطابق ترکی کے شہر مرسین سے تعلق رکھنے والے فنکار ایبرک پیکجان (آرتک بے) نے درجنوں فلموں، ڈراموں اور ٹی وی سیریز میں حصہ لیا۔ اپنی زندگی کے آخری لمحات میں وہ مرسین کے ہی ایک نجی ہسپتال کے آنکولوجی شعبہ میں پھیپھڑوں کے کینسر کا علاج کروا رہے تھے۔

51 سالہ پیکجان جو 1970ء میں مرسین میں پیدا ہوئے تھے، آج مرسین میں ہی جان اپنے مالک کے سپرد کر دی۔

 

اکتوبر 2021ء میں انہوں نے کینسر کا انکشاف کیا تھا

ایبرک پیکجان نے اکتوبر میں اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر انکشاف کیا تھا کہ ڈاکٹروں نے ان کے پھیپھڑوں میں کینسر کی تشخیص کی ہے۔

انہوں نے اپنی پوسٹ میں کچھ یوں لکھا "پیارے دوستو! میں دس دن قبل کمر میں درد کی شکایت کے ساتھ ڈاکٹرز کے پاس گیا تھا۔ دس دن کی تشخیص سے آج اس مقام پر پہنچا ہوں کہ مجھے پھیپھڑوں کا کینسر ہے۔ ٹیومر جگر اور ایڈرینل غدود تک پھیل گیا ہے۔ بدقسمتی سے اس بیماری نے اپنے ابتدائی مراحل کی کوئی علامات ظاہر نہیں کی ہیں۔ کیموتھراپی کا آج پہلا تھا۔ میرا سب سے بڑا سہارا میرا خاندان ہے۔ اس کے بعد میرے قریبی دوست بھی ہیں۔ میں اپنی صحت کو بحال کرنے کی پوری کوشش کروں گا۔ مجھے اپنی صحت کیلئے آپ کی نیک تمناؤں اور دعاؤں کی ضرورت ہے۔ نیک تمنائیں”۔

آیبرک پیکجان کے انتقال کی خبر مشہور ڈرامہ سیریل ارطغرل غازی کے ہدایت کار اور پروڈیوسر مہمت بوداع نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر دیتے ہوئے کہا کہ:

"دریلش ارطغرل سیریل میں اپنے کردار سے جان ڈالنے والے ہمارے پیارے ایبرک پیکجان حق تعالیٰ سدھار گئے.

دارالبقاء جانے والے ہمارے بھائی ایبرک کیلئے اللہ تعالیٰ سے ان کے لیے رحمت، خاندان اور مداحوں کیلئے صبر کی دعاء کرتا ہوں۔ اللہ تعالیٰ دکھ کی اس گھڑی میں ہم سب کو صبر عطا فرمائے”۔

تبصرے
Loading...
%d bloggers like this: