ترک ڈرون کا مقامی ساختہ الیکٹرو-آپٹیکل سسٹم استعمال کرنے کا کامیاب تجربہ
ترکی کے ڈرون بیراکتار TB2 نے معروف دفاعی ادارے ASELSAN کے بنائے گئے کامن اپرچر ٹارگٹنگ سسٹم (CATS) کا استعمال کرتے ہوئے مقامی طور پر تیار کردہ ایمونیشن فائر کرنے کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔
یہ مسلح ڈرون بنانے والی کمپنی بیکار نے ایک بیان میں کہا ہے کہ بیراکتار TB2 نے جاسوسی، نگرانی اور ہدف بنانے کے الیکٹرو-آپٹک سسٹم CATS کے ذریعے پہلا شاٹ کامیابی سے فائر کیا ہے۔
کمپنی نے ایک وڈیو بھی شیئر کی ہے جس میں ترکی کے شمال مغربی صوبہ تکیرداغ میں بیکار کے فلائٹ اینڈ ٹریننگ سینٹر میں اس کے تجربات کو دیکھا جاسکتا ہے۔
ٹیسٹ کے دوران بیراکتار TB2 ایک منی اسمارٹ ایمونیشن MAM-L سےلیس تھا کہ جسے معروف دفاعی ادارے روکتسان نے بنایا ہے۔ تجرباتی پروازوں کے دوران CATS کی تیز رفتار ٹارگٹ لاکنگ اینڈ ٹریکنگ صلاحیت کا تجربہ کیا گیا۔
MAM-L نے CATS کی لیزر مارکنگ کے ذریعے بہت بلندی اور فاصلے سے ہدف کو درست ترین نشانہ بنایا۔
CATS ایک ہائی پرفارمنس الیکٹرو-آپٹیکل جاسوسی، نگرانی و ٹارگٹنگ کا سسٹم ہے، جسے ڈرونز، ہیلی کاپٹرز اور ہوائی جہاز وں جیسے فکسڈ وِنگ اورروٹری وِنگ ہوائی پلیٹ فارمز کے لیے تیار کیا گیا ہے۔