میلاد النبیؐ پر ترکی کی مساجد میں نمازیوں کا رش

0 130

حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے میلاد پر جمعے کی شب ترکی کے طول و عرض کی مساجد نمازیوں سے بھر گئیں۔

پیغمبر آخر الزماں حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم 570ء میں موجودہ سعودی عرب کے شہر مکہ میں پیدا ہوئے اور دنیا بھر کے مسلمان اسلامی تقویم کے تیسرے مہینے ربیع الاول کی 12 تاریخ کو میلاد النبیؐ مناتے ہیں۔

کیونکہ اسلامی تقویم چاند پر منحصر ہوتی ہے اس لیے دنیا کے مختلف ملکوں میں یہ ایک، دو دن کے فرق سے منایا جاتا ہے۔ پیغمبر اسلامؐ 63 برس کی عمر میں اسی دن یعنی 12 ربیع الاول کو رحلت فرما گئے تھے۔

اس مقدس دن پر فرزندانِ توحید اپنے گھروں پر اور مساجد میں نوافل ادا کرتے ہیں اور قرآنِ مجید کی تلاوت کرتے ہیں۔ اس موقع پر ترکی بھر کی مساجد میں خصوصی مذہبی محافل بھی ہوئیں۔

میلاد النبیؐ پر صدر رجب طیب ایردوان نے کہا کہ دنیا بھر میں مسلم امہ کے باہمی تعلقات اتنے مضبوط ہیں کہ انہیں کوئی توڑ نہیں سکتا۔ "ہم سے ہزاروں بلکہ لاکھوں کلومیٹرز دُور رہنے والے لوگوں کے مسائل ہمیں اِس لیے پریشان کرتے ہیں کیونکہ ہمارے درمیان اسلام کی قدر مشترک ہے، اور یہی امت کا تصور ہے۔” صدر مملکت نے استنبول میں منعقدہ ایک تقریب میں کہا۔ "مسلمانوں کی باہمی اُلفت کی کوئی حد نہیں۔ ہمارے درمیان کوئی پھوٹ نہیں ڈال سکتا۔”

تبصرے
Loading...