استنبول میں سیلفی لینے کے لیے بہترین مقامات

0 1,284

اس جدید دور میں سیلفی ہماری روزمرہ زندگی کا ایک اہم حصہ بن چکی ہے اور خاص طور پر اگر آپ استنبول جیسے شہرِ بے مثال کا سفر کر رہے ہوں تو آپ کو ضرور معلوم ہونا چاہیے کہ یہاں سیلفی لینے کے لیے بہترین مقامات کون سے ہیں۔ آئیے آپ کو بتاتے ہیں کہ کن مقامات پر تصویر لے کر آپ دوسروں کو بتا سکتے ہیں کہ آپ کا سفرِ استنبول کتنا شاندار رہا۔

بُرجِ غلطہ

یہ ٹاور یعنی بُرج 14 ویں صدی میں جینووا کے باشندوں نے تعمیر کیا تھا اور تب سے ہی یہ استنبول کی تاریخ کا حصہ ہے اور سب سے بڑھ کر یہ کہ آج تک استنبول کے مناظر کا ایک اہم حصہ بھی۔

آج اِس تاریخی عمارت سے آپ شہر کا مکمل 360 درجے کا پینورامک منظر دیکھ سکتے ہیں۔


پیری لوٹی پہاڑی

کیا آپ شاخِ زرّیں کے بہترین مناظر کی تلاش میں ہیں؟ تو بلا شک و شبہ یہ منظر پیری لوٹی ہل کی چوٹی سے ملتا ہے، جہاں آپ ترک چائے کی چسکی لیتے ہوئے اپنی سیلفی میں اِس تاریخی جزیرہ نما کو ایک ہی منظر میں قید کر سکتے ہیں۔

یہ پہاڑی معروف فرانسیسی ناول نگار پیری لوٹی سے موسوم ہے جو اس شہر سے بہت لگاؤ رکھتے تھے، خاص طور پر اس پہاڑی چوٹی کے نظارے سے۔


چملی جا پہاڑی

شہرِ استنبول کے سب سے زیادہ اونچائی سے مناظر چملی جا سے ملتے ہیں کہ جہاں دو پہاڑیاں باسفورس اور بحیرۂ مرمرا پر جھانکتی ہیں۔

یہاں نہ گرمائی محلات ہیں اور نہ ہی دیگر مقامات لیکن یہ سیلفی کے لیے شہر کے بہترین مقامات میں سے ایک ضرور ہے۔


بلات

بلات اپنے رنگین تاریخی گھروں اور پتھریلے راستوں کی وجہ سے معروف ہے۔

بلات کی گلیوں کے کسی بھی اونچے مقام پر جائیں اور رنگین گھروں کے ساتھ سیلفی لیں، پیچھے شاخِ زرّیں بھی نمایاں ہو تو آپ کو ملے گا استنبول کا بہترین منظر۔


امیرگان پارک

یہ خوبصورت باغ 117 ایکڑ کے وسیع رقبے پر پھیلا ہوا ہے کہ جس میں کئی تالاب اور 120 اقسام کی نباتات و حیوانات ہیں کہ جو آپ کو شہر کے کسی باغ میں نہیں ملیں گے۔

باسفورس کا نیلا پانی پس منظر میں اور خوبصورت پیش منظر میں ہوں تو خوب سیلفی بنے گی۔


اورتاکوئے

اورتاکوئے باسفورس کے کناروں پر واقع خوبصورت ترین اضلاع میں سے ایک ہے۔ یہاں پس منظر میں ایشیا اور یورپ کو ملانے والا پل اور شہرِ استنبول کا ایشیائی علاقہ نظر آتا ہے اور ساتھ ہی اورتاکوئے مسجد بھی، جس کا نام سرکاری نام مجیدیہ جامع مسجد ہے۔ ان کے ملاپ سے آپ کو ایسے شاندار مناظر ملتے ہیں جو شہر میں کسی اور مقام پر نہیں۔


بیوک والدہ خان

یہ شہر کے خفیہ ترین لیکن ساتھ ہی بہترین سیلفی مقامات میں سے ایک ہے۔ اس خفیہ راستے کا استعمال کرتے ہوئے تاریخی جزیرہ نما کے بالائی علاقے میں پہنچیں۔ یہاں آپ خود کو تنہا پائیں گے جبکہ پورا شہر آپ کے قدموں میں ہوگا۔

زیادہ تر سیاح اس جگہ کے بارے میں نہیں جانتے، اس لیے یہاں سیلفی لینے کے بعد انسٹاگرام پر شیئر کرنے سے پہلے اس مقام کو صیغہ راز میں ضرور رکھیے گا۔


گرینڈ بازار

چاہے آپ اس مسالوں کے ساتھ تصویریں لے رہے ہوں یا یہاں کے خوبصورت برتنوں، قالینوں یا عروسی ملبوسات کے ساتھ، حقیقت یہ ہے کہ "دنیا کا قدیم ترین شاپنگ مال” ایسی جگہ ہے کہ جہاں سیلفی ضرور لینی چاہیے۔

اس عظیم بازار کی بھول بھلیوں میں گھومیں پھریں، یہاں تک کہ آپ کو اپنی سیلفی کے لیے بہترین جگہ مل جائے۔


میڈن ٹاور

اس کے لیے آپ کو کشتی تو لینا پڑے گی، لیکن یہ مقام اس قابل ہے کہ اس کے لیے اتنی سی زحمت ضرور اٹھائی جائے۔

میڈن ٹاور، کہ جو اب ایک ریستوران ہے، پر آپ باسفورس کے درمیان میں استنبول کے اس تاریخی مقام پر سیلفی لے سکتے ہیں۔


آیا صوفیا

بلاشبہ دنیا کی معروف ترین عمارات میں سے ایک کہ تصویر جس کے اندر لی جائے یا باہر، یہ آپ کو استنبول کے قلب کا حصہ بنا دے گی۔ یہ اقوام متحدہ کےعالمی ثقافتی ورثہ قرار دیے گئے مقامات میں سے ایک ہے اور 1500 سال قدیم تعمیراتی شاہکار ہے۔


خیابانِ استقلال

یہ شاہراہ استنبول کا دھڑکتا ہوا دل ہے، آپ اس پر کسی بھی جگہ سے اور جس وقت بھی تصویر لیں گے پس منظر میں بے اوغلو کے کلاسیکی وکٹوریائی طرز تعمیر کے مکانات بھی آئیں گے اور ساتھ ہی لوگوں کی بڑی تعداد بھی یقیناً ملے گی۔

تبصرے
Loading...