واٹس ایپ معاملہ، ترک ایپ BiP مقبولیت کی بلندیوں پر
واٹس ایپ کی جانب سے اپنے صارفین کا ڈیٹا فیس بک کو دینے کے متنازع فیصلے نے دنیا بھر میں ایک ہنگامہ کھڑا کر دیا۔ اس موقع پر واٹس ایپ کی جگہ جن متبادل ایپس کے نام لیے جا رہے ہیں، ان میں ترکی کی ایپ BiP بھی ہے۔
یہ ترک موبائل آپریٹر ‘ترک سیل’ کی تیار کردہ ایپ ہے، جسے اب زبردست مقبولیت مل رہی ہے۔
پیر کو جاری کردہ بیان میں ‘ترک سیل’ نے بتایا ہے کہ صرف تین دن میں ایپ پر تقریباً 46 لاکھ نئے صارفین آئے ہیں۔
یہ ایپ 192 ممالک میں کروڑوں صارفین استعمال کرتے ہیں۔ ‘ترک سیل’ کے ڈیٹا کے مطابق 2020ء میں BiP سے 140 ارب پیغامات بھیجے گئے تھے۔ اس ایپ سے کی گئی کالز 2 ارب منٹس تک پہنچیں جبکہ اس سال میں 150 ملین منٹوں کی وڈیوز کالز بھی کی گئیں۔ اس کے ماہانہ اس کے 10 ملین یعنی ایک کروڑ متحرک صارفین ہیں۔
2013ء میں لانچ ہونے سے لے کر اب تک اس ایپ کو 53 ملین سے زیادہ مرتبہ ڈاؤنلوڈ کیا جا چکا ہے۔
ترک سیل کا کہنا ہے کہ صارفین BiP کو بغیر کسی خوف کے استعمال کر سکتے ہیں کیونکہ ان کا ڈیٹا کبھی کسی دوسرے کے ساتھ شیئر نہیں کیا جائے گا۔ "ہم اپنا ڈیٹا ترکی کی سرحدوں کے اندر اپنے انتہائی محفوظ ڈیٹا سینٹر زمیں رکھتے ہیں۔”