باکو-طفلس-جیحان پائپ لائن سے 3.5 ارب بیرل تیل کی ترسیل
2020ء کے دوران ترکی کے جنوبی صوبہ ادانہ سے عالمی مارکیٹوں کو 3.5 ارب بیرل خام تیل بھیجا گیا۔ یہ جگہ باکو-طفلس-جیحان (BTC) پائپ لائن کا آخری مقام ہے
اس پائپ لائن کا افتتاح 2006ء میں ہوا تھا اور اسے "صدی کا سب سے بڑا توانائی منصوبہ” قرار دیا گیا تھا جو آذربائیجان کی جانب سے بحیرۂ کیسپیئن سے اور روس اور قزاقستان جیسے دیگر ممالک کے تیل کی ترسیل کا کام کرتا ہے۔
پائپ لائن کے آپریشن کو تقریباً 15 سال ہونے والے ہیں، اس دوران ترکی کے حیدر علیف مرین ٹرمینل پر کُل 4659 ٹینکرز آئے۔
پائپ لائن کا 1,076 کلومیٹرز طویل ترکی میں موجود حصہ BOTAS انٹرنیشنل (BIL) چلاتا ہے۔ 2019ء میں ٹرمینل سے 233.1 ملین بیرل خام تیل بھیجا گیا، جبکہ 2020ء میں یہ مقدار 278.2 ارب بیرل تھی۔
ترکی کی پٹرولیم پائپ لائن کارپوریشن (BOTAS) کی معلومات کے مطابق گزشتہ سال وائرس اور اس کی وجہ سے لگنے والے لاک ڈاؤنز اور توانائی کی کم طلب کے باوجود اپریل میں یہاں سے ریکارڈ بیرلز بھیجے گئے، جن کی مقدار 21.3 ملین بیرلز تھی۔ نومبر پچھلے سال میں سب سے سست مہینہ رہا کہ جس میں 15.3 ملین بیرل تیل کی ترسیل ہوئی۔
بدھ کو BIL کے جنرل مینیجر ندیم اکیز نے کہا کہ ادارہ 2006ء میں اپنے قیام سے اب تک آذربائیجانی تیل کو بحفاظت عالمی مارکیٹوں تک پہنچا رہا ہے اور ترکی کی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ "بین الاقوامی توانائی شعبے میں اپنے کام کی وجہ سے کمپنی ترکی کے لیے باعث فخر بن چکی ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا ادارہ جو وزارتِ توانائی و قدرتی وسائل کے اہم اداروں میں سے ایک بن چکا ہے اور اس سال اپنے 15 سال مکمل کرنے کا جشن منائے گا۔ مجھے یقین ہے کہ BOTAS انٹرنیشنل مستقبل میں مزید کامیابیاں حاصل کرے گا۔
بحیرۂ کیسپیئن سے نکالا جانے والا تیل جارجیا سے جیحان میں موجود مرین ٹرمینل کو فراہم کیا جاتا ہے، جہاں سے یہ ٹینکرز کے ذریعے عالمی مارکیٹوں کو جاتا ہے۔ یہ پائپ لائن روزانہ 10 لاکھ بیرلز اور سالانہ 50 ملین ٹن تیل کی گنجائش رکھتی ہے۔