چین میں مسلمان صوبہ میں موبائل "سرویلینس ایپ” انسٹال کرنے کا حکم جاری

0 163

چینی حکومت مسلم اکثریتی خطے سنکیانگ میں مسلمانوں کو مجبور کر رہی ہے کہ وہ اپنے موبائل فونز میں ’’سرویلیئنس ایپ‘‘ ڈاؤن لوڈ کریں بصورت دیگر ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
چینی مسلمان
ریڈیو فری ایشیا کی رپورٹ کے مطابق چین کی حکومت نے مسلم اکثریتی صوبے سنکیانگ میں نگرانی کا عمل مزید سخت کر دیا ہے اور چند روز قبل ایک نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا ہے جس میں مسلمان شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے موبائل فونز میں نگرانی کے لیے خاص طور پر تیار کی گئی ایپلی کیشن ’’جنگ وانگ ایپ‘‘ انسٹال کریں۔
حکام سنکیانگ کے دارالحکومت ارومچی سمیت دیگر علاقوں میں شہریوں کی چیکنگ کر رہے ہیں اور ان کے موبائل فونز میں مذکورہ ایپ نہ ہونے کی صورت میں خصوصی کیو آر کوڈ کے ذریعے ایپلی کیشن انسٹال کر رہے ہیں۔
چینی حکومت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ ایپلی کیشن موبائل فون میں موجود دہشت گردی یا غیر قانونی مذہبی ویڈیوز، تصاویر، کتابوں اور دیگر مواد کی موجودگی کا سراغ لگانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ جس شخص کے موبائل میں ایسا کوئی مواد موجود ہوگا انہیں ہدایات دی جائیں گی کہ وہ اپنے موبائل سے یہ مواد حذف کردیں۔
چینی حکام کا کہنا ہے کہ جو شخص اس ایپلی کیشن کو انسٹال نہیں کرے گا یا کرنے کے بعد اسے ڈیلیٹ کردے گا اسے 10 دن کے لیے جیل بھیجا جائے گا۔ خیال رہے کہ سنکیانگ کی آبادی تقریباً 8 کروڑ ہے جبکہ یہاں ترک نسل کے ایغور مسلمان بستے ہیں۔ اس سے پہلے چینی حکام نے سنکیانگ میں لمبی داڑھی رکھنے اور نقاب پر پابندی عائد کردی تھی جبکہ جن شہریوں کے موبائل فون پر غیر ملکی ایپلی کیشنز جیسے واٹس ایپ وغیرہ موجود تھیں ان کے کنکشن منقطع کردیے گئے تھے۔
بشکریہ امہ نیوز

تبصرے
Loading...