اوپو اور سام سنگ ترکی میں پیداوار کا آغاز کریں گے
اسمارٹ فونز بنانے والے عالمی ادارے ‘اوپو’ اور ‘سام سنگ’ جلد ہی ترکی میں بھی پیداوار کا آغاز کر دیں گے۔
بلوم برگ HT نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ چینی اسمارٹ فون ادارہ اوپو استانبول اور شمال مغربی صوبہ کوجائلی میں دو تنصیبات کے ذریعے اپنی پیداوار کا آغاز کرنا چاہتا ہے۔
حال ہی میں ترک مارکیٹ میں قدم رکھنے کے بعد اوپو ان تنصیبات پر جلد از جلد کام شروع کرنا چاہتا ہے اور امکان ہے کہ اگلے مہینے ہی اس کا آغاز ہو جائے گا۔
اسمارٹ فونز کی پروڈکشن کا پورا عمل ترکی میں ان دونوں تنصیبات پر ہی ہوگا، یعنی ان پلانٹس کو محض اسمبلی کے لیے استعمال نہیں کیا جائے گا۔
رپورٹ کے مطابق یہ کام تقریباً 50 ملین ڈالرز کی سرمایہ کاری سے شروع کیا جا رہا ہے۔
اوپو چند ماڈلز ترکی میں بنانے کے بعد انہیں یہاں سے دیگر ممالک کو برآمد کرنے کا منصوبہ بھی رکھتا ہے اور یورپ اس کام کے لیے اہم مارکیٹ ہوگا۔
اوپو 2004ء میں چین کے شہر ڈونگ گوانگ میں قائم ہونے ہونے والی کمپنی ہے، جس کے اس وقت دنیا بھر میں 40 ہزار سے زیادہ ملازمین ہیں جبکہ رسائی 300 ملین سے زیادہ صارفین تک ہے۔
دوسری جانب جنوبی کوریا کا ادارہ ‘سام سنگ’ کسی تعارف کا محتاج نہیں ہے۔ وہ استانبول میں ایک سب کانٹریکٹر کے ذریعے ترکی میں پیداوار شروع کرنے کا ہدف رکھتا ہے۔
1938ء میں جنوبی کوریا سے کام شروع کرنے والا معروف ٹیکنالوجی برانڈ آج دنیا کی دوسرا سب سے بڑا اسمارٹ فون مینوفیکچرر ہے۔ کمپنی کہتی ہے کہ اس نے اپنے اسمارٹ فون بزنس میں گزشتہ چھ سالوں کا سب سے زیادہ منافع حاصل کیا ہے۔