ترکی میں کروناوائرس کے شکار افراد کی تعداد 10,000 سے تجاوز کر گئی

0 168

وزیر صحت فخر الدین کوجا نے بتایا ہے کہ ترکی میں COVID-19 کے شکار افراد کی تعداد بڑھتے ہوئے 10,287 ہو گئی ہے، جبکہ ہلاک شدگان کی تعداد 168 تک جا پہنچی ہے۔

وزارت صحت کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 9,982 مریضوں کے ٹیسٹ لیے گئے کہ جن میں سے 1,815 کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔

ترکی کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 11,535 ٹیسٹ لیے گئے جبکہ صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد 162 رہی۔

بیان کے مطابق 725 مریضوں کی حالت نازک ہے۔

حالیہ چند ہفتوں میں ترکی نے بیشتر عوامی مقامات، اسکول اور جامعات بند کر دی ہیں اور پبلک ٹرانسپورٹ کو محدود کر دیا ہے۔ اس نے اختتامِ ہفتہ پر 65 سال یا اس سے زیادہ کے افراد کے ساتھ ساتھ دائمی امراض کے شکار افراد پر بھی کرفیو لگا دیا ہے۔ استنبول میں 65 سال سے زائد عمر کے وہ افراد جو استطاعت نہیں رکھتے، انہیں گھروں میں کھانا وغیرہ فراہم کیا جا رہا ہے۔ پیر کو شروع ہونے والی یہ مہم تقریباً 50,000 افراد کا احاطہ کرتی ہے اور چھ ہفتے جاری رہے گی۔

چند شہروں اور قصبوں میں پولیس افسران نے شہر کے باہر سے آنے والے افراد کی تھرمل اسکریننگ شروع کر دی ہے۔ شعور اجاگر کرنے کے لیے مختلف شہروں میں ٹریفک لائٹس میں بھی لوگوں کو گھروں پر رہنے کا پیغام دیا جا رہا ہے۔

COVID-19 کا مرض چین کے شہر ووہان سے پھیلا اور اب تک دنیا بھر میں 7,50,000 افراد کو متاثر کر چکا ہے اور 36,000 افراد کی جان لے چکا ہے۔

تبصرے
Loading...