ترکی، ایک دن میں کرونا وائرس کے 20 ہزار نئے کیس

0 620

ترکی میں ایک دن میں سامنے آنے والے کووِڈ-19 کے مریضوں کی تعداد تقریباً 20 ہزار تک پہنچ چکی ہے۔ گزشتہ چند ہفتوں کے دوران وبا کی شدت میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔

ملک کے تمام 81 صوبوں کے تازہ ترین ہفتہ وار اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ گزشتہ ماہ سکون کا کچھ سانس ملنے کے بعد صورتِ حال ایک مرتبہ پھر تشویش ناک مرحلے میں داخل ہو رہی ہے۔ 17 سے 23 جولائی کے دوران ملک کے سب سے بڑے شہر استنبول میں ہفتہ وار کیس فی ایک لاکھ فرد 88.19 تک پہنچ چکے ہیں۔ دارالحکومت انقرہ میں یہ شرح69.13 ہے اور تیسرے سب سے بڑے صوبے ازمیر میں 33.43 ۔

مشرقی صوبہ سعرد میں سب سے زیادہ مریض سامنے آ رہے ہیں، جہاں یہ شرح فی ایک لاکھ 748.3 افراد ہے۔ یہ ہفتہ وار کیسز میں سب سے زیادہ اضافہ ہے جو دو دیگر مشرقی صوبوں دیار بکر اور بتلیس سے بھی زیادہ ہے۔

ٹوئٹر پر ہفتہ وار اعداد و شمار پیش کرتے ہوئے وزیر صحت فخر الدین کوجا نے عوام سے کہا کہ وہ وبا سے نمٹنے کے اقدامات کو خطرے میں نہ ڈالیں۔ انہوں نے کہا کہ "ہمیں بہر صورت ویکسین لگوانا اور قانون کی پیروی کرنا ہوگی۔”

ترکی کی مقامی ویکسین کے آخری ٹرائل شروع، ایردوان نے "ترکوویک” نام رکھ دیا

ترکی میں کرونا ویکسین لگانے کی مہم جنوری 2021ء میں شروع ہوئی تھی، جو اب تقریباً 7 کروڑ ڈوز تک پہنچ چکی ہے۔ 4 کروڑ سے زیادہ افراد اپنا پہلا ڈوز لگوا چکے ہیں اور مزید 2.48 کروڑ ایسے ہیں جن کو دونوں ڈوز لگ چکے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ترکی کو وبا کو روکنے کے لیے اپنی کم از کم 70 فیصد آبادی کو ویکسین کے دونوں ڈوز لگانا ہوں گے۔

عوام اور کاروباری طبقہ حالات کو معمول پر لانے اور وبا کے خلاف جدوجہد کو مؤثر بنانے کے مطالبات کر رہا ہے۔ 17 دن کے سخت لاک ڈاؤن کے بعد ملک بھر میں یکم جولائی سے تمام کرفیو اور دیگر پابندیاں اٹھا لی گئی تھیں۔ ان پابندیوں کا نتیجہ تھا کہ روزانہ سامنے آنے والے مریضوں کی تعداد گھٹتے گھٹتے 5 ہزار رہ گئی تھی۔ لیکن اب ایک مرتبہ پھر مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا نظر آ رہا ہے کیونکہ عوام ماسک، سماجی فاصلے اور حفظانِ صحت کے دیگر اصولوں کو چھوڑنے لگے اور ان کی نقل و حرکت بہت زیادہ بڑھنے وبا پھیل رہی ہے۔

پھر مشرقی صوبوں میں ویکسین کے حوالے سے پائی جانے والی ہچکچاہٹ بھی اس اضافے کی وجہ قرار دی جا رہی ہے۔

تبصرے
Loading...
%d bloggers like this: