ترکی میں کروناوائرس کے مریضوں کی تعداد میں مزید کمی، پلازما تھراپی نے اُمید دلا دی

0 293

کئی ہفتوں تک مایوس کن خبروں کے بعد ترکی میں جدید کروناوائرس (COVID-19) کے مریضوں کی تعداد گھٹنے شروع ہو گئی ہے۔ نئے مریضوں کی تعداد 20 دن کی کم ترین سطح پر آ گئی ہے جبکہ ہلاکتوں کی تعداد بھی 100 سے نیچے ہو گئی ہے۔ دوسری جانب وزارتِ صحت کے کروناوائرس سائنس بورڈکے رکن پروفیسر الہامی چیلک نے اعلان کیا ہے کہ COVID-19 کے مریضوں کے لیے پلازما تھراپی کے نتائج سامنے آنے لگے ہیں۔

ترکی نے اتوار کو گزشتہ 20 دنوں میں کروناوائرس کے نئے مریضوں کی روزانہ کم ترین تعداد دیکھی ہے، جبکہ ٹھیک ہونے والے مریضوں کی تعداد بھی 3,558 تک اور ہلاکتوں کی تعداد 99 تک پہنچ چکی ہے، جو ہلاکتوں میں کمی کا مسلسل ساتواں دن ہے۔

وزیرِ صحت فخر الدین کوجا نے بتایا ہے کہ ان اموات کے ساتھ ہی ملک میں جدید کروناوائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 2,805 ہو گئی ہے۔ ملک میں کُل رجسٹرڈ مریضوں کی تعداد بھی بڑھ کر 1,10,130 ہو گئی ہے۔

پچھلے 24 گھنٹوں میں کیے گئے ٹیسٹ کی تعداد بھی کم ہو گئی ہے جو اب 30,177 تھی، جس کے بارے میں وزیر کا کہنا ہے کہ یہ لوگوں کے درمیان رابطوں میں کمی کی وجہ سے مرض کے پھیلنے کے امکانات گھٹنے کی وجہ سے کم ہوئے ہیں۔ اب تک کُل 8,89,742 ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق پچھلے 24 گھنٹوں میں 3,558 افراد کو ہسپتالوں سے فارغ کیا گیا ہے، جس سے صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 29,140 تک جا پہنچی ہے۔ فخر الدین نے بتایا کہ جن مریضوں کو انتہائی نگہداشت کی ضرورت ہے، ان کی تعداد بھی کم ہوئی ہے۔ ترکی میں اس وقت انتہائی نگہداشت کے یونٹس 1,776 مریضوں کا علاج کر رہے ہیں۔

ترکی نے حال ہی میں اس مرض کے خلاف پلازما تھراپی کو ایک علاج کے طور پر شروع کیا ہے۔ ایک ایسے وقت میں جب ویکسین کی تیاری میں کئی مہینے لگ سکتے ہیں، ترکی دوسرے ملکوں کی طرح اس سے ملتے جلتے امراض میں اثر دکھانے والی دواؤں کے تجربات کر رہا ہے۔ پلازما تھراپی اس مرض کے خلاف لڑنے والے چند طریقوں میں سے ایک ہے اور ترک ہلالِ احمر نے کروناوائرس سے صحت یاب ہونے والے مریضوں سے پلازما حاصل کرنے کی مہم شروع کر دی ہے۔ الہامی چیلک نے کہا کہ اس کے نتائج مل رہے ہیں اور ان کے مریضوں میں سے ایک کی حالت بہتر ہو رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ "وہ مریض اب آکسیجن لینے میں آسانی محسوس کر رہا ہے۔ میرے خیال میں پلازما کا طریقہ مدد دے گا۔ یہ جسم میں وائرس کی موجودگی کا پتہ چلانے اور اینٹی باڈیز کی مدد سے وائرس کو شکست دینے میں مدد دیتا ہے۔”

تبصرے
Loading...