ترک وزیر دفاع عراق کے دورے پر
ترک وزیرِ دفاع اور چیف آف اسٹاف عراق کے دورے پر دارالحکومت بغداد پہنچ گئے ہیں۔
وزارت دفاع نے سوموار کو بتایا کہ وزیر دفاع خلوصی آقار اور جنرل یشار گولر بغداد میں عراق کے سینئر حکام سے ملیں گے جن میں صدر برہم صالح، وزیر اعظم مصطفیٰ کاظمی، وزیر دفاع جمعہ اناد اور وزیر داخلہ عثمان غانمی سے ملاقات کریں گے۔
وزارت نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ دورے میں بنیادی توجہ انسدادِ دہشت گردی پر ہوگی جبکہ ترکی اور عراق کے مابین تعاون بھی بات چیت ہوگی۔
گزشتہ ماہ مصطفیٰ کاظمی نے ترکی کا دورہ کیا تھا اور صدر رجب طیب ایردوان سے ملاقات کی تھی۔ جس میں ترکی نے PKK دہشت گردوں کے خلاف عراقی آپریشنز کو سراہا تھا۔ اس امر پر زور دیتے ہوئے کہ ترکی اور عراق "مشترکہ دشمن” کے خلاف لڑتے رہیں گے، خاص طور پر PKK، داعش اور گولن دہشت گرد گروپ (FETO) کے خلاف، صدر ایردوان نے کہا تھا کہ علیحدگی پسند دہشت گردی کی ترکی، عراق یا شام کے مستقبل میں کوئی جگہ نہیں۔
مصطفیٰ کاظمی نے کہا تھا کہ وہ عراق میں کسی بھی ایسی گروہ کو برداشت نہیں کریں گے جو ترکی کی سلامتی کے لیے خطرہ ہو۔