دعاؤں کا پیاسا – اہل اقتدار کے لیے دعائیں یا بددعائیں اہم کیوں؟

0 2,744

دعائیں ضرورت مندوں کی تو ضرورت و سہارا مگر کامیاب انسانوں کے لیے بھی ناگزیر ہوا کرتی ہیں- اور پھر دعائیں بھی وہ دعائیں جو دوسروں کے اٹھتے ہاتھ اور بہتے لفظوں کی صورت ہوں، ان کی قبولیت کا امکان، یقین تک پہنچا ہوتا ہے- اہل اقتدار کے لیے دعائیں کتنی اہم ہوتی ہیں میں نے ترک صدر ایردوان کی عادات میں دیکھا ہے- جب اُن سے کوئی عامی ملتا ہے تو وہ کہتے ہیں "میں آپ کی کیا خدمت کر سکتا ہوں؟”، خدمت کا حاصل بھی دعاء ہی ہوتا ہے لیکن جب وہ کسی سے فرمائش کرتے ہیں تو وہ بھی دعاء ہی ہوتی ہے-
.
گذشتہ دنوں ایک واقعہ ہوا، عید الفطر کے بعد آنے والے پہلے جمعہ پر، احتیاطی تدابیر کے ساتھ تمام مساجد کھول دی گئیں لیکن بزرگوں پر پابندی برقرار رکھی گئی کہ مسجد اور گھر سے باہر نہیں نکل سکتے- اُس دن قونیہ کے ایک بزرگ، جو مسجد کے جوار میں رہتے تھے، بلکتی نظروں سے جماعت کو دیکھتے رہے، مجھے بھی پہلی بار معلوم ہوا کہ المومن فی المسجد کالسمک فی الماء کا مطلب کیا ہوا کرتا ہے- اس بزرگ کی بے کسی نے معلوم نہیں عرش کو کیسے گداز کیا ہو گا لیکن فرش والوں کے دل پسیج کر رہ گئے جب ان کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی- ترک صدر تک بھی پہنچی، انہوں نے ایک گفٹ پیک کروایا اور خصوصی ایلچی کے ہاتھوں بھجوایا ساتھ میں مگر فرمائش کس چیز کی کہ دعاء کر دیں-
.
بارہا جاننے سمجھنے کی کوشش کی کہ وہ دعاؤں کا اس قدر پیاسا کیوں ہے- پھر معلوم ہوا کہ یہ قول تو پرانا ہے کہ اقتدار کا طول، عوام کی دعاؤں میں پوشیدہ ہے- ایردوان اس کی عملی تصویر ہیں- انہیں کیا کیا چیلنجز درپیش نہ ہوئے اور وہ کس کس میں کامیاب نہ ٹھہرے، ان کی تاریخ سے واقف لوگ اچھی طرح جانتے ہیں- استاد قادر مصر اولو مرحوم کہتے تھے، "مجھے اتنا ایردوان کی صلاحیت پر یقین نہیں، جتنا ان کی قسمت پر یقین ہے”- اور کسے معلوم کی قسمت تو دعاؤں کے سہارے ہی قائم ہوتی ہے- شرق سے غرب تک، مظلوموں کی دعائیں، امیدوں کی دعائیں اور تسکین و اطمینان کی دعائیں-
.
بعض لوگ کہتے کہ اقتدار تو پرفارمنس کا نام ہے اور پرفارمنس دیانت داری اور صلاحیتوں سے کشید ہوتی ہے- لیکن اقتدار اتنا بھی "آسان” نہیں ہوا کرتا ہے- ایک بڑا امتحان ہوتا ہے جس میں قیادت کی عقلمندی، بصیرت تو لازم ہیں ہی، اسے دعاؤں کی بھی ضرورت ہوا کرتی ہے ورنہ اگر عوام میں اس لیے بددعائیں اٹھنا شروع ہو جائیں تو اس کا انجام لکھا جاتا ہے۔

تبصرے
Loading...
%d bloggers like this: