مسئلہ افغانستان، ایردوان اور پوتن میں ترکی-روس تعاون بڑھانے پر زور

0 138

صدر رجب طیب ایردوان نے افغانستان میں صورتحال پر اپنے روسی ہم منصب ولادیمر پوتن کے ساتھ ایک فون کال پر گفتگو کی ہے۔

کریملن کی جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ "کال میں افغان صورت حال پر تفصیلاً بات چیت کی گئی۔ ملک میں امن و استحکام کو یقینی بنانے، امن و امان اور قانون کی حکمرانی کی اہمیت پر زور دیا گیا۔”

بیان میں کہا گیا کہ بات چیت میں دہشت گردی اور افغانستان میں منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف جدوجہد کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔

کریملن نے مزید کہا کہ "دونوں صدور نے افغان معاملات میں دو طرفہ تعاون کو بڑھانے پر رضامندی کا اظہار کیا۔”

افغانستان امریکی اور نیٹو افواج کی 20 سالہ مہم کے اختتام کے بعد 15 اگست کو کابل پر طالبان کا قبضہ ہونے کے بعد سے سخت مسائل سے دوچار ہے۔

صدر ایردوان اور پوتن نے جنوبی ترکی میں روس کے آگ بجھانے والے طیارے کے تباہ ہونے کے واقعے پر بھی اظہار افسوس کیا۔ اس واقعے میں دو روسی اور تین ترک شہری مارے گئے تھے۔

ترک صدر نے ملک کے جنگلات میں لگنے والی آگ بجھانے میں روسی پائلٹوں کے کردار کو سراہا اور اس قدرتی آفت سے نمٹنے میں مدد پر روس کا شکریہ ادا کیا۔

تبصرے
Loading...