128 بلین ڈالر نہ کسی کو دئیے نہ ضائع ہوئے، کرنٹ خسارہ پورا کرنے کے لیے استعمال ہوئے، صدر ایردوان
ترک صدر رجب طیب ایردوان نے اپوزیشن کی مہم کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ "سنٹرل بنک کے 165 بلین ڈالرز کرنٹ خسارہ، رئیل سیکٹر ڈیبٹ، فارن کیپیٹل آؤٹ فلو اور عوامی ضرورت کے پیش نظر استعمال کیا گیا، اگر ترکی کا مرکزی بنک، فارن ایکسچینج کی ضروریات کو پورا نہ کرتا یا ہچکچاتا تو صورتھال 1994ء اور 2001ء کے بحران سے بھی زیادہ گھمبیر ہوتی۔ ترکی کا 128 بلین ڈالرز فارن ریزو، نہ کسی کو دیا گیا اور نہ ہی ضائع ہوا ہے”۔
صدر ایردوان نے اپوزیشن کی اس مہم کو "عوام کے خلاف صریح غداری” قرار دیا۔
جمہوری خلق پارٹی (سی ایچ پی) کے ممبران پارلیمنٹ نے حالیہ دنوں میں جمہوریہ ترکی کے سنٹرل بینک (سی بی آر ٹی) کے 128.3 بلین ڈالر کے ذخائر پر سوال اٹھایا ہے جن کے بقول وہ سابقہ وزیر خزانہ بیرات البیراک کے زیر نگرانی 2019 اور 2020 میں ریاستی بینکوں کے توسط سے فروخت ہوئے تھے۔ انہوں نے سوال اٹھایا ہے فروخت کا یہ انتظام کیسے کیا گیا۔
صدرایردوان نے دارالحکومت انقرہ میں اپنی پارٹی جسٹس اینڈ ڈویلپمنٹ پارٹی (آق پارٹی) کے پارلیمانی گروپ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا، "نہ تو یہ فگرز درست ہیں، اور نہ ہی فگرز سے کوئی معنی منسوب ہیں، اور نہ ہی اس فگرز کو لے کر چلنے والی مہم درست ہے”۔