رجب طیب ایردوان کی اسپیس ایکس کے بانی ایلون مسک سے ملاقات
ترک صدر رجب طیب ایردوان نے اسپیس ایکس (SpaceX) کے بانی اور ٹیسلا (Tesla) کے سی ای او ایلون مسک کو صدارتی کمپلیکس میں خوش آمدید کہا۔
ملاقات کے دوران مختلف موضوعات پر بات چیت کی گئی جن میں ترک سیٹ 5اے اور 5بی سیٹلائیٹس کی مدد سے ائیربس کا منصوبے کے علاوہ ترکی میں ٹیکنالوجی کی ترقی بھی شامل ہے۔
صدارتی ترجمان ابراہیم قالن کے مطابق "ہم نے ترکی میں ٹیکنالوجی پر سرمایہ کاری کے امکانات پر بات کی اور اس ضمن میں موجودہ صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا”۔
انہوں نے مزید بتایا کہ جمعرات کے روز ائیربس کے حوالے سے معاہدہ پر دستخط ہونے کے امکانات ہیں۔ اسپیس ایکس کمپنی اس منصوبہ کی سب کنٹریکٹر ہے۔
صدر ایردوان سے ملاقات کے دوران نیو جنریشن بیٹریز، سولر انرجی، ونڈ پاور اور ملکی کار سمیت شہری علاقوں میں ٹریفک کو کنٹرول کرنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔
ترجمان نے یہ بھی بتایا کہ ہم نے اسپیس ایکس، ٹیسلا اور ترک ٹیکنالوجی کمپنیوں کے درمیان شراکت اور تعاون کے حوالے بھی بات چیت کی ہے۔
ملاقات میں وزیر برائے مواصلات، میریٹائم اور رابطہ امور احمد ارسلان اور وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فاروق اوزلو بھی موجود تھے۔ ملاقات انقرہ میں ترک صدارتی کمپلیکس میں شام بمطابق مقامی وقت ساڑھے 3 بجے ہوئی۔