ترک صدر ایردوان کا اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے ٹیلیفونک رابطہ، پاک بھارت تناؤ اور شام پر بات چیت
ترک صدر رجب طیب ایردوان اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرس کے درمیان جمعہ کے روز ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں پاکستان بھارت تناؤ کی پیش رفت اور شام کی تازہ صورتحال پر بات چیت کی گئی۔
ایشیاء کے دو ایٹمی طاقت رکھنے والے حریف ممالک، پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات اس وقت کشیدہ ہو گئے جب پاکستان سے تعلق رکھنے والی ایک عسکری تنظیم جیش محمد کے ایک کشمیری ممبر نے خود کش حملہ کر کے 40 بھارتی فوجیوں کو ہلاک کر دیا۔ بھارت ایک عرصے سے پاکستان پر الزام لگاتا آیا کہ وہ اس کے خلاف کاروائیوں کے لیے ایسی عسکری تنظیموں کو پالتا آ رہا ہے۔ دوسری طرف پاکستان نے اس خود کش حملے میں ملوث ہونے کی بھی کی تردید کی۔
گذشتہ ہفتہ بھارت نے پاکستانی حدود کو کراس کرتے ہوئے عسکری تنظیم کے کیمپ پر بمباری کا دعویٰ کیا۔ اس کے اگلے دن پاکستان نے جوابی طور پر اپنی حدود میں دو بھارتی جیٹ گرا دئیے اور ایک پائیلٹ بھی گرفتار کر لیا۔ پاکستانی حکومت نے خیر سگالی کے طور پر بدھ کے روز بھارتی پائیلٹ کو بھارتی حکومت کے حوالے کر دیا۔
دوسری طرف شام کے صوبہ ادلب میں روس اور ترکی کے ڈیل کے نتیجے میں امن زون کا قیام عمل میں آ چکا ہے۔ ترک اور روسی افواج نے اس سلسلے میں مشترکہ پیٹرولنگ بھی شروع کر دی ہے۔ 15 سے بیس کلومیٹر وسیع امن زون میں ترکی نے 12 جبکہ روس نے 10 ابزرویشن پوسٹیں بھی بنائی ہیں۔