‏2018ء میں ہر پانچ میں ایک لبنانی باشندے نے ترکی کا سفر کیا

0 415

گزشتہ سال لبنان کے ہر پانچ میں سے ایک باشندے نے ترکی کا سفر کیا، یہ بات بیروت کے لیے ترکی کے سفیر خاقان چاقیل نے دارالحکومت انقرہ میں ہونے والی سفیروں کی 11 ویں کانفرنس کے موقع پر بتائی۔

"لبنانی ہمارے ملک سے بہت محبت کرتے ہیں۔ گزشتہ سال متعدد مواقع پر ہر پانچ میں ایک لبنانی باشندے نے ہمارے ملک کا دورہ کیا۔” چاقیل نے کہا۔

2010ء سے ویزا کے بغیر سفر کرنے کی اجازت ملنے سے ترکی میں دلچسپی میں بہت اضافہ ہوا ہے، انہوں نے کہا۔

بیروت-استنبول روٹ پر روزانہ 9 پروازیں چلتی ہیں جبکہ دارالحکومت بیروت سے دلامان، ادانا اور انطالیا کے لیے شیڈول اور چارٹر پروازیں بھی ہیں۔

لبنان کے ساتھ اقتصادی و تجارتی تعلقات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے چاقیل نے کہا کہ "ترک کمپنیوں کے لیے لبنانی مارکیٹ مشرق وسطیٰ میں داخلے کا اہم راستہ ہے۔”

چاقیل نے ٹریپولی اسپیشل اکنامک زون میں حصہ لینے پر ترک کمپنیوں کی حوصلہ افزائی بھی کی کہ جو 2022ء سے مؤثر ہو جائے گا۔ "گریٹر عرب فری ٹریڈ ایریا (GAFTA) ترک مصنوعات کی لبنان سے عرب خطے میں کسٹمز فری برآمد کے لیے راستہ ہموار کرے گا۔ اس لیے ہمارے ادارے فری زون میں یا لبنان کے اندر سرمایہ کاری کرکے اس موقع کا فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔”

"ایک سفیر کی حیثیت سے میں لبنان میں تمام نسلی و مذہبی گروپوں سے رابطے میں ہوں۔ ملک میں تمام شعبہ ہائے زندگی کے افراد ترکی سے محبت کرتے ہیں۔” انہوں نے مزید کہا۔

ترکش کوآپریشن اینڈ کوآرڈی نیشن ایجنسی (TIKA) اور یونس ایمرے انسٹیٹیوٹ (YEE) 2010ء سے لبنان میں کامیابی سے سرگرمیاں کر رہے ہیں۔ TIKA نے بیروت، صیدا، طرابلس اور عکار میں کئی تاریخی عمارات کی تزئین کی ہے کہ جہاں کئی ترکمن رہتے ہیں۔ تقریباً 1,500 نے YEE کی سرگرمیوں کے ذریعے ترکی زبان سیکھی ہے۔ ترک ٹیلی وژن سیریز بھی لبنان میں اتنی مقبول ہیں کہ ایک ترک اداکار اور ادکارہ کو ملک میں ہونے والی ایک حالیہ تقریب میں "بہترین کارکردگی” کے اعزازات دیے گئے ہیں، چاقیل نے مزید کہا۔

تبصرے
Loading...