ترکی کے 100 امیر ترین افراد کی فہرست جاری

0 324

فوربس ترکی نے ملک کے 100 امیر ترین افراد کی فہرست جاری کر دی ہے، جس میں مسلسل پانچ سال تک امیر ترین فرد رہنے کے بعد پچھلے سال یہ اعزاز کھونے والے ایک مرتبہ پھر سب سے اوپر آ گئے ہیں۔

معروف کاروباری شخصیت مراد اُلکر ایک سال بعد پچھلے سال کے رنراَپ اور ترکی کے بڑے تعمیراتی ادارے Rönesans کے چیئرمین ارمان الیجاک سے سرفہرست مقام واپس لے چکے ہیں۔

الکر 4.7 ارب ڈالرز کی دولت کے ساتھ 2020ء کے امیر ترین ترک فرد بن گئے ہیں جبکہ الیجاک 3.2 ارب ڈالرز کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔

الکر نےپچھلے سال اپنی دولت میں 1 ارب ڈالرز کا اضافہ کیا ہے، جنہوں نے حال ہی میں وسطی و مشرقی یورپ، مشرق وسطیٰ اور افریقہ کی سب سے بڑی فوڈ کمپنی یلدِز ہولڈنگ کی چیئرمین شپ سے استعفیٰ دیا ہے۔

فرید شاہنک، حسنی اوزیغن، حامدی الوکایا اور سواد گونسل بھی سرفہرست افراد میں شامل ہیں۔

دوغش ہولڈنگ کے فرید شاہنک 2.4 ارب ڈالرز کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔ انہوں نے پچھلے سال کے مقابلے میں اس مرتبہ اپنی دولت میں 400 ملین ڈالرز کا اضافہ کیا ہے۔ شاہنک نے مالیاتی شعبے سے وابستہ اوزیغن سے تیسری پوزیشن چھینی ہے جو FIBA اور FINA ہولڈنگز کے چیئرمین ہیں اور جن کی 2020ء میں دولت 2.2 ارب ڈالرز ہے۔ دریں اثناء، حامدی الوکایا 2.1 ارب ڈالرز دولت کے حامل ہیں اور وہ سواد گونسل کے ساتھ چھٹے مقام پر ہیں۔

اس فہرست میں موجود خواتین کی تعداد پچھلے سال کی 28 کے مقابلے میں اس مرتبہ کم ہوتے ہوئے 25 رہ گئی ہے۔

ارب پتیوں کی تعداد میں بھی پچھلے سال کے مقابلے میں کمی آئی ہے جو 2018ء میں 40 سے گھٹتے ہوئے اب 29 ہے۔

تبصرے
Loading...