استنبول میں گرینڈ فرنیچر میلہ، نگاہیں 2 ارب ڈالرز کے تجارتی حجم پر

0 309

دنیا میں فرنیچر کے سب سے بڑے میلوں میں سے ایک، CNR IMOB انٹرنیشنل استنبول فرنیچر میلہ، منگل کو شروع ہو گیا۔ اندازہ ہے کہ یہ تجارتی حجم میں تقریباً 2 ارب ڈالرز پیدا کرے گا۔

اسماعیل گلہ، سربراہ ترکش ایکسپورٹرز اسمبلی (TIM) نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فرنیچر کے شعبے کی برآمدات 2019ء میں تقریباً 3.5 ارب ڈالرز رہیں، جو سالانہ بنیادوں پر 10.2 فیصد کا اضافہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ "2023ء کے لیے فرنیچر کے شعبے کا ہدف10 ارب ڈالرز ہے؛ ہم اس ہدف کو حاصل کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔” یہ شعبہ عالمی مارکیٹ کے لیے ایک بہترین ڈھانچہ اور عمدہ گنجائش رکھتا ہے۔

مقامی فرنیچر انڈسٹری کو سہارا دینے کے لیے ترک حکومت نے رواں ماہ کے اوائل میں فرنیچر پر ٹیکس میں کمی کا اعلان کیا تھا۔ فرنیچر پر ویلیو ایڈڈ ٹیکس (VAT) گھٹا کر 8 فیصد کر دیا گیا کہ جو پہلے 18 فیصد تھا۔

ترکی کی برآمدات 2019ء میں تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچیں کہ جو سالانہ بنیادوں پر 2.04 فیصد اضافے کے بعد 180.46 ارب ڈالرز تک گئیں۔ درآمدات 8.99 فیصد کم ہوکر 210.4 ارب ڈالرز آئیں، یوں غیر ملکی تجارتی خسارے میں سالانہ بنیادوں پر 44.9 فیصد کمی آئی جو 54.3 ارب ڈالرز سے کم ہوکر 29.9 ارب ڈالرز ہو گیا ہے۔

غیر ملکی نے ملک کی نمو میں 4.7 پوائنٹس کے ساتھ ریکارڈ حصہ ڈالا، جو 18 سال میں ترکی میں سب سے بڑا حصہ ہے۔ درآمدات/برآمدات کوریج کا تناسب 2019ء میں 85.8 فیصد رہا جو 2018ء میں 76.5 فیصد سے زیادہ ہے۔

گلہ نے کہا کہ ملک کا ہدف سال 2020ء میں برآمدات کو 190 ارب ڈالرز سے آگے لے جانا ہے۔ ملک کی برآمدات، جو 2000ء میں 30 ارب ڈالرز پر کھڑی تھیں، پچھلے سال 180.5 ارب ڈالرز تک گئیں۔

وزیر خزانہ و مالیات نور الدین نباتی نے کہا کہ فرنیچر کا شعبہ ملک کے خالص برآمدی شعبہ جات میں سے ایک ہے۔

انہوں نے کہا کہ 2018ء اور 2019ء میں معاشی مسائل سے نمٹنے کے بعد ترکی اب کرنسی کی شرح، CDC رسک پریمیم، شرحِ سود، کونفیڈنس انڈیکس، غیر ملکی تجارت اور بورصہ استنبول بینچ مارک اسٹاک انڈیکس BIST 100 کے شعبے میں بحالی اختیار کر چکا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ "ترکی نے پچھلے سال تب اپنی برآمدات بڑھائی ہیں جب عالمی برآمدات کم ہوئیں۔”

فرنیچر ایسوسی ایشن (MOSFED) کے چیئرمین احمد گولیچ نے کہا کہ صنعت کا ہدف اس سال غیر ملکی فروخت میں 4.5 ارب ڈالرز حاصل کرنا ہے۔ "ہم صلاحیت رکھتے ہیں۔ ہمارا ہدف دنیا کے پانچ بڑے فرنیچر ایکسپورٹرز میں سے ایک بننا ہے۔ ہمارا ماننا ہے کہ ہم یہ ہدف بہت جلد حاصل کریں گے۔”

گولیچ نے زور دیا کہ فرنیچر کی پیداوار میں مقامی خام مال کا استعمال 90 فیصد تک بڑھ گیا ہے، اور صنعت نے 2019ء میں 180 ممالک کو فرنیچر کی برآمدات کی بدولت 3 ارب ڈالرز کا ٹریڈ سرپلس حاصل کیا ہے۔

تبصرے
Loading...