استنبول میں شدید بارشیں، ایک شخص ہلاک

0 504

گزشتہ روز استنبول میں ہونے والی شدید بارشوں اور اس کے بعد پیدا ہونے والی سیلابی کیفیت سے ایک شخص کی ہلاکت کی اطلاعات ملی ہیں جبکہ چند سڑکوں کے زیرِ آب آنے کی وجہ سے عوامی نقل و حمل میں رکاوٹیں پیدا ہوئیں۔

شدید بارش کے بعد کھڑے ہونے والے پانی کی وجہ سے مسافروں کو اپنی منزلوں تک پہنچنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا جبکہ کچھ سڑکوں اور انڈر پاسز میں پانی بھی بھر گیا۔

انقاپانی ضلع کے ایک انڈر پاس سے ایک شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے۔

امینونو چوک پر راہ گیروں کے انڈر پاس میں پانی بھرنے سے اس میں موجود دکانوں کو بہت نقصان پہنچا ہے۔

تقریباً دو گھنٹے تک رہنے والی سیلابی کیفیت میں دنیا کے قدیم ترین بازاروں میں سے ایک تاریخی گرینڈ بازار کو بھی نقصان پہنچا ہے کہ جہاں دکان داروں کو اپنی دکانوں سے پانی نکالنے کے لیے آنا پڑا۔

اس دوران کئی گاڑیاں ٹریفک میں پھنس گئیں کہ جنہیں فائر انجن ٹیموں نے نکالا۔ ایک پارک شدہ گاڑی بارش کی وجہ سے سڑک پر بننے والے گڑھے میں بھی گری۔

پچھلی بارشوں کی طرح اس بار بھی سمندری پانی اسکودار چوک تک آ گیا۔

اچانک پیدا ہونے والی سیلابی کیفیت کی وجہ سے شہر کے یورپی و ایشیائی حصوں کو ملانے والی فیری سروسز کو مختصر وقت کے لیے روک دیا گیا جبکہ حکام نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ خراب موسمی صورتحال کو ذہن میں رکھتے ہوئے ہوشیار رہیں۔

محکمہ موسمیات نے 16 اگست کے لیے انتباہ جاری کیا تھا کہ استنبول میں شدید بارش ہوگی۔

تبصرے
Loading...