ترکی کے جدید ڈرون آکنجی نے نیا ریکارڈ قائم کر دیا

ڈرون نے 38,039 فٹ کی بلندی پر پرواز کی۔ 25 گھنٹے اور 46 منٹ فضا میں موجود رہا

0 1,495

ترکی کے جدید ترین ڈرون نے نیا قومی ریکارڈ قائم کر دیا ہے، جس کا اعلان ملک کے اہم دفاعی ادارے نے کیا ہے۔

صدارتِ دفاعی صنعت (SSB) کے چیئرپرسن اسماعیل دیمر نے ٹوئٹر پر بتایا ہے کہ ‘آکنجی’ ڈرون نے 38,039 فٹ کی بلندی پر پرواز کی ہے۔

یہ ڈرون شمال مغربی ترکی کے صوبہ تکیرداغ کے ضلع چورلو میں آکنجی فلائٹ ٹریننگ اینڈ ٹیسٹ سینٹر میں ہونے والی ٹیسٹ کے دوران 25 گھنٹے اور 46 منٹ فضا میں موجود رہا۔

ڈرون بنانے والے ادارے بائیکار ماکینا نے، جو آکنجی بناتا ہے، ایک بیان میں کہا ہے کہ ڈرون SSB کی زیر نگرانی منصوبہ تھا جس نے اعلیٰ سطحی وفد کی موجودگی میں لمبی پرواز اور انتہائی بلندی پر کارکردگی دکھانے کا عملی مظاہرہ کیا۔

ڈرون نے فضا میں 7,507 کلومیٹرز کا فاصلہ بھی طے کیا۔

آکنجی اب تک ٹیسٹ کے دوران 870 پروازیں اور کُل 347 گھنٹے اور 28 منٹ کی پرواز کر چکا ہے۔

اس ڈرون نے 6 دسمبر 2019ء کو اپنی پہلی پرواز کی تھی۔ ٹیسٹ سرگرمیاں چورلو ایئرپورٹ سے تین دیگر پروٹوٹائپس کے ساتھ کی گئیں۔

ڈرون اپریل میں پہلے فائرنگ ٹیسٹ میں کامیاب ہوا جس میں اس نے معروف ترک ادارے روکتسان کے مقامی طور پر تیار کردہ گولا بارود کا استعمال کیا۔

ہتھیاروں کے ساتھ پہلی ٹیسٹ پروازیں آکنجی PT-3 کے ساتھ 17 اپریل کو کی گئیں، جبکہ دوسری پرواز 21 اپریل کو ہوئی۔

اس وقت آکنجی کی بڑے پیمانے پر پیداوار جاری ہے اور رواں سال ہی اسے فوج کے حوالے کر دیا جائے گا۔

پہلا بڑے پیمانے پر بنایا جانے والا ماڈل حال ہی میں چورلو میں پہنچا ہے تاکہ اس پر ٹیسٹ کیے جائیں۔

آکنجی بیراکتار کے TB2 ڈرون کے نقش قدم پر چل رہا ہے جو مقامی طور پر تیار کیا گیا ہے اور ملک کے دفاعی ادارے بڑے پیمانے پر استعمال کر رہے ہیں۔ یہ قطر، یوکرین اور آذربائیجان کے پاس بھی ہے اور مئی میں پولینڈ پہلا نیٹو اور یورپی یونین کا رکن ملک بنا کہ جس نے ترکی سے ڈرونز حاصل کیے۔

ترک صدر رجب طیب ایردوان نے مارچ میں کہا تھا کہ سعودی عرب بھی ترک ڈرون خریدنے میں دلچسپی رکھتا ہے۔

آکنجی بیراکتار TB2 سے بڑا اور چوڑا ہے اور اسٹریٹجک کاموں کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

آکنجی تقریباً 100 کمپیوٹر سسٹمز رکھتا ہے۔ یہ 5.5 ٹن کا ٹیک آف وزن اور کُل 1,350 کلوگرام کی پے لوڈ گنجائش رکھتا ہے جس میں سے 400 کلو اندرونی اور 950 کلو بیرونی ہے۔

اس کے پروں کا پھیلاؤ 20 میٹر ہے اور انوکھے خمیدہ پر رکھتا ہے۔ یہ اپنے مکمل آٹومیٹک فلائٹ کنٹرول اور جدید آٹو پائلٹ سسٹم کی بدولت بہترین فلائٹ سیفٹی رکھتا ہے۔

آکنجی کو مقامی طور پر تیار کردہ AESA ریڈار اور فضا سے فضا میں مار کرنے والے گوک طوغان اور بوز طوغان میزائلوں سے لیس کیا جائے گا۔ یہ اسٹینڈ آف میزائل (SOM) جیسے مقامی طور پرتیار کردہ گولا بارود لانچ کرنے کی بھی صلاحیت رکھے گا۔

تبصرے
Loading...
%d bloggers like this: