اسلام آباد، تہران، استنبول ٹرین بند ہونے کے دہانے پر؟

0 2,110

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ترکی میں ٹرین کی آمد میں زیادہ تاخیر، راستے میں سامان کو پہنچنے والے نقصان، فریٹ فارورڈرز کے درمیان چارجز کے حوالے سے جھگڑے، پاکستان ریلوے کی جانب سے مبینہ طور پر اونرشپ کا نہ ہونا سمیت دیگر انتظامی اور تکنیکی مسائل کے سبب اسلام آباد، تہران اور استنبول ٹرین کا آپریشن سست روی کا شکار ہو رہا ہے۔

ذرائع نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ڈان سے کہا کہ آپ کیا کریں گے جب مصنوعات کو معاہدے کے تحت 17 دن کے اندر بحفاظت ترکی پہنچنے سے زیادہ وقت لگے، یہی وجہ ہے کہ 30 دن گزر جانے کے باجود ساتویں مال بردار ٹرین کے لیے تاجروں کی جانب سے بہت کم دلچسپی کا مظاہرہ کیا جارہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ ظاہر کرتا ہے کہ بزنس کمیونٹی اسلام آباد، تہران اور استنبول کے درمیان چلنے والی مال بردار ٹرین پر اعتماد نہیں کر رہی۔

پہلی مار بردار ٹرین جو زیادہ تر گلابی نمک لے کر جا رہی تھی، ترکی میں مقررہ وقت سے قبل صرف 13 دن میں پہنچ گئی تھی، اسی طرح دوسری ٹرین 550 ٹن کی مصنوعات کے ساتھ عزہ خیل ڈرائی پورٹ سے 28 دسمبر کو روانہ ہو کر 17 جنوری کو پہنچ گئی تھی۔

تیسری مال بردار ٹرین شدید برف باری کا سامنا کرنے کے باوجود 10 دن کی تاخیر سے فروری کے تیسرے ہفتے میں ترکی پہنچ گئی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد، تہران اور ترکی کے درمیان چلنے والی چوتھی مال بردار ٹرین میں مسائل آنے شروع ہوئے، یہ ٹرین مختلف قیمتی مصنوعات چھ کنٹینر میں لے کر مارچ کے پہلے ہفتے میں ترکی کے لیے روانہ ہوئی، پہلے ٹرین پاکستانی حدود میں تفتان ریلوے اسٹیشن پر کسٹم کلیئرنس کی وجہ سے پھنس گئی، اس کے بعد پاکستانی و ترکی فریٹ فاروڈرز کے درمیان برآمد کنندگان سے اپنے حصے لینے کے تنازع پر زاہدان ریلوے اسٹیشن پر رک گئی، چوتھی مال بردان ٹرین تقریباً دو ماہ کی تاخیر کے بعد مئی میں منزل پر پہنچی۔

پانچویں ٹرین کے بارے میں ذرائع نے بتایا کہ یہ ٹرین بلوچستان ریلوے اسٹیشن کے قریب حادثے کے باعث تاخیر کا شکار ہوئی، اس حادثے سے تقریبا 40 سے 50 لاکھ روپے مالیت کی مصنوعات کو نقصان پہنچا اور اسے ترکی پہنچے میں 45 دن کی تاخیر ہوئی۔

حکام نے بتایا کہ اسلام آباد، تہران اور ترکی کے درمیان چلنے والی چھٹی مال بردار ٹرین اس وقت زاہدان میں ترکی کے معیار کے مطابق ڈبوں کے منتقل ہونے کا انتظار کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس طرح کی ٹرین میں کون ترکی میں سامان بھیجنے کی زحمت کرے گا، یہی وجہ ہے کہ بکنگ نہ ہونے کے سبب ساتویں ٹرین کو ترتیب دینے کا عمل شروع نہیں ہوسکا ہے۔

تبصرے
Loading...
%d bloggers like this: