دعا ہے کہ عید ہمارے لیے خوشیوں اور پوری دنیا کے لیے امن کا پیغام لائے، صدر ایردوان

0 687

عید الاضحیٰ کے موقع پر جاری کردہ اپنے پیغام میں صدر رجب طیب ایردوان نے تمام شہریوں کو عید کی مبارک باد پیش کی اور کہا کہ "میں عید الاضحیٰ منانے والے تمام شہریوں سے کہتا ہوں کہ وہ ٹریفک اور صحت عامہ کے اصولوں کی پاسداری کریں۔ میری دعا ہے کہ عید ہمارے لیے، ہمارے ملک کے لیے خوشیوں اور پوری دنیا کے لیے امن کا پیغام لائے، عید مبارک!”

صدر رجب طیب ایردوان نے عید الاضحیٰ کے موقع پر پیغام جاری کیا ہے:

"ہم ایک اور عید الاضحیٰ منانے کا موقع ملنے پر رب تعالیٰ کے شکر گزار ہیں۔ اللہ سے دعا ہے کہ یہ مقدس دن ہماری قوم، اسلامی دنیا اور پوری انسانیت کے لیے مبارک ثابت ہوں۔

"ہم وباء سے کامیابی کے ساتھ نمٹے”

بدقسمتی سے اِس سال عید الاضحیٰ اس غم کے ساتھ ہو رہی ہے کہ کرونا وائرس کی وباء کی وجہ سے حج بیت اللہ محدود ہے۔ ان شاء اللہ اگلے سال لاکھوں مسلمان پورے جوش و خروش اور والہانہ عقیدت کے ساتھ ایک مرتبہ پھر خانہ کعبہ اور سرزمینِ مقدس کا رُخ کریں گے۔

ترکی نے ہر شعبے خاص طور پر صحت کے شعبے میں اس وبائی دور کواس طرح کامیابی سے گزارا ہے کہ پوری دنیا ہمیں سراہ رہی ہے۔ حالات کو معمول پر لانے کےساتھ سیاحت کے سوا تقریباً تمام ہی شعبہ جات میں زندگی لوٹ آئی ہے جو وباء سے پہلےکی سطح پر پہنچ رہی ہے۔

"ہم اپنے تمام 83 ملین شہریوں کے لیے اپنے تمام وسائل بروئے کار لائے”

ہمیں اپنی روزمرہ زندگی میں ماسک کے استعمال، فاصلہ رکھتے اور حفظانِ صحت کے اصولوں کی پیروی کرتے ہوئے اب تک حاصل کی گئی تمام کامیابیوں کو سنبھالنا ہے اور مزید آگے بڑھنا ہے۔ ہم نے وباء کے ایام میں اپنی قوم کے ہر فرد کی مدد کو اہمیت دی، جس کا آغاز ہم نے اپنے ملک میں کم آمدنی والے طبقے سے کیا۔ ترکی کے تمام 83 ملین شہریوں کے لیے اپنے تمام وسائل بروئے کار تے ہوئے ہم نے یہ ممکن بنایا کہ ہم مستقبل کی جانب اعتماد سے دیکھ سکیں۔

ہم ظلم اور ناانصافی کے خلاف بھی اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے چاہے وہ دنیا کے کسی بھی حصے میں ہو اور مظلوم کا ساتھ دیں گے، اُس کے عقیدے، نسل اور ثقافت سے بالاتر ہو کر۔ ہم اللہ کی مدد اور قوم کے ساتھ سے اپنی آخری سانس تک یہ مقدس جدوجہد جاری رکھیں گے۔ میری اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ان مبارک ایام کے صدقے ہمارے لیے صراطِ مستقیم پر چلنا آسان کرے، ہمارے دلوں کو منوّر کرے اور ہماری کوششوں اور جدوجہد میں برکت دے۔

میں عید الاضحیٰ منانے والے تمام شہریوں سے کہتا ہوں کہ وہ ٹریفک اور صحت عامہ کے اصولوں کی پاسداری کریں۔ احتیاط کریں اور ذمہ داری کا مظاہرہ کریں تاکہ عید کی خوشیاں پھیکی نہ پڑ جائیں۔ میں ایک مرتبہ پھر دعا کرتا ہوں کہ عید ہمارے لیے، ہمارے ملک کے لیے خوشیوں اور پوری دنیا کے لیے امن کا پیغام لائے، عید مبارک!”

تبصرے
Loading...