معروف ہندوستانی اداکار، عامر خان اپنی نئی فلم "لال سنگھ چڈھا” کی عکس بندی کے لیے ترکی آئیں گے

0 1,735

صدارت ثقافت و سیاحت ترکی کے حالیہ دئیے گئے بیان کے مطابق، مشہور ہندوستانی اداکار عامر خانہ اپنی نئی فلم "لال سنگھ چڈھا” کی عکس بندی کے لیے ترکی آ رہے ہیں۔ ہندوستان میں کورونا وائرس وباء کی وجہ سے عکس بندی میں رکاوٹیں درپیش ہیں۔ وہ اپنی فلم کا کچھ حصہ ترکی میں شوٹ کرنا چاہ رہے ہیں۔ ان کے اس دورے میں صدارت ثقافت و سیاحت معاونت کرے گی۔

"لال سنگھ چڈھا” 1994ء میں بنائی گئی امریکی فلم "فارسٹ گومپ” کی طرز پر بنائی گئی ایک کامیڈی فلم ہے جس کا کچھ حصہ ہندوستان میں شوٹ کیا گیا ہے تاہم پروڈیوسر اسے دسمبر میں لانچ کرنا چاہتے ہیں۔ عامر خان فلم ’لال سنگھ چڈھا‘ میں سردار جی کے کردار میں ملک کے تاریخی واقعات پر نظر ڈالیں گے جس کی شروعات تقسمِ ہند سے ہو گی۔

رپورٹس کے مطابق فلم انڈین تاریخ کے حساس ادوار سے گزرے گی جن میں پنجاب میں ہونے والے آپریشن بلیو سٹار سے لے کر بابری مسجد کو گرائے جانے تک کے واقعات کا احاطہ کیا جائے گا۔ اس فلم کے ساتھ عامر خان کا نام وابستہ ہے اور فلم کی ٹیم میں شامل لوگوں کا کہنا ہے کہ عامر اور فلم کے پروڈیوسرز نے مشاورت کے لیے ملک کے ممتاز تاریخ دانوں کو مدعو کیا ہے تاکہ حقائق کو درست انداز میں پیش کیا جائے۔

ترک صدارت ثقافت و سیاحت نے کہا ہے کہ ابتدائی طور پر عامر خان اور ان کی ٹیم جگہ کے تعین اور ابتدائی مراحل کے لیے آئیں گے۔ بعد ازاں اکتوبر میں اس کی باقاعدہ 40 روزہ شوٹنگ ہو گی۔

عامر خان اپنی اس فلم کے خود پروڈیوسر ہیں۔ وہ ترکی میں یکساں مقبولیت رکھنے والے واحد ہندوستانی اداکار ہیں جن کی فلمیں ترک زبان میں سینماؤں کی زینت بنتی ہیں اور ترک عوام پسند کرتے ہیں۔

تبصرے
Loading...