استانبول ایئرپورٹ کو 5-اسٹار سرٹیفکیشن مل گئی
استانبول شہر کے نئے ہوائی اڈے کو بین الاقوامی ایئر ٹرانسپورٹ ریٹنگ ایجنسی ‘اسکائی ٹریکس’ کی جانب سے فائیو-اسٹار ایئرپورٹ قرار دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ کووِڈ-19 پر بھی اسے فائیو-اسٹار ریٹنگ ملی ہے۔
یہ ریٹنگ شہر کے نئے ایئرپورٹ کے افتتاح کے صرف 18 ماہ بعد حاصل ہوئی ہے۔ یوں استانبول ایئرپورٹ دنیا کے 8 بڑے فائیو-اسٹار ایئرپورٹس میں سے ایک بن گیا ہے۔
ایئرپورٹ چلانے والے ادارے IGA کے سی ای او قادری سامسونلو نے کہا کہ گو کہ ایئرپورٹ صرف دو سال پہلے بنایا گیا ہے، لیکن اسے آپریشنل بنے ہوئے ڈیڑھ سال ہی ہوا ہے۔ اس مختصر عرصے میں بھی اس نے ‘فائیو اسٹار ایئرپورٹ’ اور ‘فائیو اسٹار کووِڈ-19 ایئرپورٹ’ کے اعزازات حاصل کیے ہیں۔ جو ہمارے لیے بہت خوشی اور فخر کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ "ہم نے ایک خواب کو حقیقت کا روپ دیا اور اب اس حقیقت کو قائدانہ کردار میں بدل رہے ہیں۔ ہم اپنے ملک اور استانبول ایئرپورٹ کو عالمی ہوا بازی کا بہتر سے بہترین مرکز بنانے کے لیے پوری تندہی سے کام کرتے رہیں گے۔”
اسکائی ٹریکس ایک بین الاقوامی ایئرپورٹ ٹرانسپورٹ ریسرچ آرگنائزیشن ہے جو 1989ء سے ہوائی اڈوں اور ایئرلائنز کو کے معیارات کی جانچ کرتا، انہیں ریٹنگ دیتا اور معیاری خدمات فراہم کرتا ہے۔
دنیا کے بڑے ہوائی مراکز میں سے دوحہ، ہانگ کانگ، میونخ، سیول کا انچیون، شنگھائی، سنگاپور اور ٹوکیو ہی ایسے شہر ہیں کہ جن کے ہوائی اڈوں کو فائیو اسٹار ریٹنگ ملی ہے۔ جبکہ روم کے فیومیسینو اور حماد انٹرنیشنل ایئرپورٹ، دوحہ کے بعد استانبول ‘فائیو اسٹار کووِڈ-19 ایئرپورٹ’ کا اعزاز حاصل کرنے والا دنیا کا تیسرا ایئرپورٹ بنا ہے۔ یہ اعزاز ان ہوائی اڈوں کو ملتا ہے کہ جو وباء کے اس دور میں بہترین انتظامات کرتے ہیں۔
استانبول ایئرپورٹ کو یہ اعزاز دینے سے پہلے ہوائی اڈے پر آمد سے روانگی تک اور پارکنگ، پبلک ٹرانسپورٹیشن سے لے کر ویب سائٹ اور موبائل ایپ تک، ایک، ایک پہلو کا جائزہ لیا گیا اور اسی کے بعد یہ ریٹنگ ملی۔ یہ تقریباً 800 معیارات ہیں کہ جن کا تفصیل سے جائزہ لیا جاتا ہے اور اب کووِڈ-19 سیفٹی کو بھی دیکھا جاتا ہے۔
اسکائی ٹریکس کے CEO ایڈورڈ پلیسٹیڈ کہتے ہیں کہ انہیں استانبول ایئرپورٹ کے فائیو-اسٹار ہوائی اڈوں میں شمولیت پر خوشی ہے۔ "استانبول ایئرپورٹ انجینیئرنگ کا ایک شاہکار ہے؛ 90 ملین کی گنجائش رکھنے والا ٹرمینل صرف 3.5 سال میں بنایا گیا ہے۔ یہ ایک بہت بڑا ایئرپورٹ ہے اور اس کے باوجود مسافروں کی سہولیات اور مختلف ٹرمینلز تک رسائی آسان ہے۔”
واضح رہے کہ استانبول ایئرپورٹ کو حال ہی میں 16 ویں ACI یورپ ایوارڈز میں "ڈجیٹل ٹرانسفارمیشن” میں "بہترین ایئرپورٹ” کا اعزاز بھی ملا ہے۔ ان ایوارڈز کا انتظام انٹرنیشنل ایئرپورٹس کونسل کرتی ہے۔