استنبول ایئرپورٹ کے لیے "سال کے بہترین ہوائی اڈے” کا اعزاز

0 153

استنبول ایئرپورٹ نے انٹرنیشنل ایئرپورٹ ریویوز (IAR) کا "ریڈرز چوائس: ایئرپورٹ آف دی ایئر” ایوارڈ جیت لیا ہے۔

معروف جریدے کے قارئین نے دنیا بھر کے 10 ہوائی اڈوں کی فہرست میں سے استنبول کا انتخاب کیا ہے۔ انہوں نے یہ فیصلہ اپنے بہترین تجربے، پروازوں میں تاخیر، عالمی و علاقائی رابطوں اور صفائی جیسے متعدد عوامل کی بنیاد پر کیا۔

IAR کی ویب سائٹ پر جاری ہونے والی ایک وڈیو میں استنبول ایئرپورٹ آپریشنز کے CEO قادری سامسنلو نے کہا کہ وہ اس اعزاز کے حصول پر خوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایئرپورٹ نے پہلے دن سے ہی اپنی مکمل خدمات فراہم کی ہیں اور یہ ایک طویل سفر کا محض آغاز ہے۔ "قارئین کی جانب سے یہ اعزاز ملنا ہمارے لیے باعثِ فخر ہے۔ اب ہم اب استنبول میں اور زیادہ دل جمعی سے سب کا خیر مقدم کرنے کے خواہش مند ہیں۔ ہم تمام مسافروں کو استنبول ایئرپورٹ پر ایک انوکھا اور ناقابلِ فراموش تجربہ فراہم کرنے کا عمل جاری رکھیں گے۔”

IAR کے مطابق استنبول ایئرپورٹ نے سب سے زیادہ ووٹ حاصل کیے اور لندن ہیتھرو، دبئی انٹرنیشنل اور وینکووَر جیسے ایئرپورٹس کو پیچھے چھوڑا۔

برطانوی جریدے کی مدیر تارا نولان نے کہا کہ استنبول کا نیا ایئرپورٹ "ایشیا، افریقہ اور یورپ کے مابین ایک عالمی مرکز” کی حیثیت رکھتا ہے۔ جدّت طرازی، تخلیقی ذہنیت، ڈیزائن اور مسافروں کے تجربے کے حوالے سے ایئرپورٹ کی کوششوں سے اسے یہ اعزاز دلایا۔

استنبول کے عظیم ایئرپورٹ کے پہلے مرحلے کا افتتاح 29 اکتوبر 2018ء کو ترک جمہوریہ کے قیام کے 95 سال مکمل ہونے پر کیا گیا تھا اور حال ہی میں اس کی پہلی سالگرہ منائی گئی۔ اس ایئرپورٹ نے اپنے پہلے سال میں 40.47 ملین افراد کا خیر مقدم کیا۔

فی الحال یہ ہوائی اڈہ ایک سال میں 90 ملین مسافروں کو خدمات فراہم کر سکتا ہے، لیکن تمام مراحل مکمل ہونے کی صورت میں یہ 200 ملین مسافروں کو سنبھال سکتا ہے۔

ایک مرتبہ مکمل ہو جانے کے بعد یہ مسافروں کی تعداد کے لحاظ سے دنیا کا سب سے بڑا ہوائی اڈہ ہوگا۔ تعمیر اور توسیع کے تمام چار مراحل 2028ء تک مکمل ہونے کی امید ہے۔

یہ ایئرپورٹ عالمی ہوا بازی کا مرکز بننے کے لیے تیار ہے کہ جہاں سے 100 سے زیادہ ایئرلائنز دنیا کے 300 سے زیادہ مقامات کے لیے پروازیں بھریں گی۔

تبصرے
Loading...