استنبول کے ووٹوں پر پہرہ دیں گے۔ بن علی یلدرم

بلدیاتی انتخابات میں بے قاعدگیوں اور بے ضابطگیوں کے انکشاف کے بعد سابق وزیراعظم میدان میں آگئے

0 729

ترکی کے سابق وزیراعظم اور حالیہ بلدیاتی انتخابات میں ملک کے سب سے بڑے شہر استنبول کے مئیر کیلئے برسراقتدار آق پارٹی کے امیدوار بن علی یلدرم نے بدھ کے روز میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ غیرحتمی نتائج کے خلاف اپیل، دوبارہ گنتی اور انتخابی ضابطوں کے وقار کو مجروح نہیں کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ 31 مارچ کو شہر کے لوگوں نے جس مئیر کا انتخاب کیا تھا، اسکا اعلان سپریم الیکشن بورڈ کرے گا اور اس وقت تک ہم ووٹوں پر پہرہ دیں گے۔

علی یلدرم نے اپنے مدمقابل حزب اختلاف کی خلق جمہوری پارٹی (سی ایچ پی) کے امیدوار اکرام امام اوغلو کو متوجہ کرتے ہوئے کہا کہ اپیل ایک قانونی اور جمہوری عمل ہے، جسکا ہر ایک کو احترام کرنا چاہئے۔ پیر کے روز جاری ہونے والے غیر حتمی نتائج کے مطابق امام اوغلو کو علی یلدرم پر بیس ہزار ووٹوں کی سبقت حاصل تھی مگر پھر یہ کانٹے دار مقابلہ تنازع کا شکار ہوکر سپریم الیکشن بورڈ کے پاس جاپہنچا۔ اس سے قبل امام اوغلو نے اپنے ایک بیان میں سپریم الیکشن بورڈ کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ بورڈ اپنی ذمہ داری مکمل کرتے ہوئے جلد از جلد انکے حق میں حتمی اور سرکاری نتیجہ جاری کرے۔

دوسری طرف سپریم الیکشن بورڈ نے بدھ کی صبح استنبول کے ان آٹھ اضلاع میں دوبارہ گنتی کا سلسلہ ایک بار پھر شروع کردیا ہے، جہاں گزشتہ روز خلق پارٹی کے اعتراض کے بعد یہ سلسلہ عارضی طور پر بند کردیا گیا تھا۔ سپریم الیکشن بورڈ نے مجموعی طور پر استنبول کے 15 اضلاع میں صرف مسترد شدہ ووٹوں جبکہ 3 اضلاع میں تمام ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا حکم دیا ہے۔ اس حکم پر گنتی کا عمل ابھی جاری ہے، جسے مکمل ہونے مزید کچھ وقت لگ سکتا ہے۔

بورڈ کے سربراہ سعدی گوئین نے کہا ہے کہ دوبارہ گنتی کا عمل زیادہ تر مسترد شدہ ووٹوں کی جانچ پڑتال تک محدود ہے اور یہ ہرگز کوئی غیرمتوقع یا حیران کن بات نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر حتمی نتائج کے خلاف اپیل کا سلسلہ ابھی بھی جاری ہے۔ یاد رہے کہ آق پارٹی نے استنبول میں انتخابی عمل کے دوران غیر مصدقہ ووٹ، بے قاعدگیوں اور بے ضابطگیوں کے انکشاف کے بعد 39 اضلاع میں غیر حتمی نتیجے کو منگل کے روز چیلنج کردیا تھا، جس کی وجہ سے شہر کے آئندہ مئیر کا سرکاری اعلان تعطل کا شکار ہے۔

تبصرے
Loading...