دنیا کے مقبول ترین مقامات میں استنبول نے نیو یارک کو بھی پیچھے چھوڑ دیا

0 97

استنبول متوقع طور پر سال 2019ء کے دنیا کے 10 مقبول ترین مقامات میں اپنی جگہ برقرار رکھے گا۔

ترکی کا سب سے بڑا شہر سال کے اختتام تک 14.7 ملین سیاحوں کی میزبانی کرے گا جو لندن میں قائم یورو مانیٹر انٹرنیشنل کے مطابق اسے دنیا کے مقبول ترین مقامات میں نویں نمبر پر پہنچائیں گے۔ استنبول 2018ء میں دنیا کے 100 مقبول ترین مقامات میں 10 ویں نمبر پر تھا۔

2019ء کے دوران استنبول نے نیو یارک سے بھی زیادہ سیاحوں کی توجہ حاصل کی اور یوں امریکی شہر کو ٹاپ 10 سے باہر کر دیا۔

ترکی کا سیاحتی دارالحکومت انطالیہ 13.3 ملین سیاحوں کے ساتھ 12 ویں نمبر پر رہا جبکہ یہ تعداد پچھلے سال سے 7.2 فیصد زیادہ ہے۔ استنبول اور انطالیہ یورپ میں تیسرے اور چوتھے نمبر پر سب سے مقبول مقامات ہیں۔

ایک اور مقبول ترک سیاحتی مقام مغلا ہے جو دو درجے ترقی پانے کے بعد 84 ویں نمبر پر آ گیا ہے۔ "یہ تین ترک شہر، استنبول، انطالیہ اور مغلا، بہت تیزی سے نمایاں ہوئے ہیں،” یورو مانیٹر نے کہا۔

ترکی آنے والے 70 فیصد سیاحوں کا تعلق یورپ سے ہے جبکہ رپورٹ کا کہنا ہے کہ ترک شہر عرب سیاحوں میں بھی مقبولیت حاصل کررہے ہیں۔

رپورٹ نے ترکی کی سیاحت میں استنبول ایئرپورٹ کی اہمیت کو بھی نمایاں کیا کہ جسے "ایشیا، یورپ، مشرق وسطیٰ اور افریقہ کو جوڑنے والے اہم جغرافیائی مقام” پر موجود ایک مرکز قرار دیا۔

"ایئرپورٹ نے 146 مقامات کے لیے پروازیں شروع کی ہیں، جو تین گھنٹےکے فاصلے پر تقریباً 120 ممالک کو جوڑتی ہیں۔”

ہانگ کانگ اور بنکاک بدستور دنیا کے دو مقبول ترین مقامات رہے، جبکہ لندن ٹاپ 3 سے باہر ہو گیا ہے اور پانچویں نمبر پر چلا گیا ہے جبکہ دو ایشیائی شہر مکاؤ اور سنگاپور اس سے آگے نکل گئے ہیں۔

سال کے پہلے 10 مہینوں میں ترکی میں بین الاقوامی سیاحوں کی تعداد 40.7 ملین تک پہنچ چکی ہے۔ اقوام متحدہ کی ورلڈ ٹورازم آرگنائزیشن (UNWTO) کے 2019ء کے اعداد و شمار کے مطابق ترکی سیاحوں کی تعداد کے اعتبار سے دنیا میں چھٹے نمبر پر ہے۔

تبصرے
Loading...