استنبول چیمپئنز لیگ 2023ء فائنل کا میزبان ہوگا
ترکی کا سب سے بڑا شہر استنبول 2023ء میں چیمپئنز لیگ فائنل کی میزبانی کرے گا، جس کا اعلان یوئیفا نے باضابطہ طور پر کر دیا ہے۔
فٹ بال باڈی نے یہ بھی بتایا ہے کہ چیمپیئنز لیگ، یوروپا لیگ اور یوروپا کانفرنس لیگ کے 2021-22ء اور 2022-23ء سیزنز کے گروپ ڈراز بھی استنبول میں ہوں گے۔
شہر کووِڈ کی بڑھتی ہوئی وبا کی وجہ سے گزشتہ دو سال کے دوران دو فائنلز کی میزبانی کے حق سے دستبردار ہوا تھا۔
یوئیفا کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ کے مطابق 2023ء چیمپئنز لیگ فائنل کی میزبانی استنبول کا اتاترک اسٹیڈیم کرے گا۔ اس سال فائنل کی میزبانی جرمن شہر میونخ کو کرنا تھی لیکن اب وہ 2025ء میں کرے گا۔
یوئیفا ایگزیکٹو بورڈ نے فیصلہ کیا ہے کہ سال 2020-21ء اور 2022-23ء کے یورپی کلب سیزنز کا آغاز بھی استنبول سے ہوگا۔
ترکش فٹ بال فیڈریشن نے کہا ہے کہ یوئیفا پریمیئر جیسے سیزن کے شاندار آغاز کی میزبانی کے لیے ترکی کا انتخاب بین الاقوامی ایونٹس کے لیے ملک پر بڑھتے اعتماد کو ظاہر کرتا ہے۔
سینٹ پیٹرز برگ 2022ء کے فائنل کی میزبانی کرے گا جبکہ 2024ء میں یہ لندن کو ملے گی۔
یوئیفا نے یوروپا لیگ فائنلز کے میزبان شہروں کا بھی اعلان کر دیا ہے۔ ڈبلن، آئرلینڈ اور بلباؤ، اسپین یورو 2020ء کی میزبانی کے حق سے دستبردار ہونے کے بعد اب مستقبل میں ہونے والے کلب مقابلوں کے فائنل کی میزبانی کریں گے۔ بلباؤ 2024ء میں یوئیفا ویمنز چیمپئنز لیگ فائنل اور 2025ء میں یوئیفا لیگ فائنل کی میزبانی کرے گا جبکہ 2024ء میں ڈبلن یوئیفا یوروپا لیگ فائنل کا مقام ہوگا۔
آئندہ سالوں کے دیگر یوروپا لیگ فائنل میزبان 2022ء میں اشبیلیہ، اسپین اور 2023ء میں بوڈاپسٹ، ہنگری ہوں گے۔