استنبول میں سیاحوں کی آمد 5 سال کی بلند ترین سطح پر

0 311

استنبول آنے والے سیاحوں کی تعداد 2019ء کے پہلے پانچ مہینوں میں پانچ سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔

رواں سال جنوری سے مئی کے مہینوں کے دوران ترکی کے سب سے بڑے شہر میں 54 لاکھ 20 ہزار سے زیادہ سیاح آئے، جو سال بہ سال میں 11 فیصد اضافہ ہے۔

صوبائی گورنریٹ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق "اپنے تاریخی، ثقافتی اور قدرتی ورثے کی بدولت مقبول ترین عالمی سیاحتی مقامات میں سے ایک استنبول نے اِس سال کے پہلے پانچ مہینوں میں 54 لاکھ سے زیادہ سیاحوں کی میزبانی کرکے پانچ سالہ ریکارڈ بنایا ہے۔ یوں استنبول 2019ء میں ڈیڑھ کروڑ سیاحوں کی میزبانی کا ہدف حاصل کرنے کی جانب تیزی سے قدم بڑھا رہا ہے۔”

3 لاکھ 94 ہزار 925 سیاحوں کے ساتھ جرمنی سے آنے والے سب سے زیادہ رہے جن کے بعد ایران کا نمبر ہے کہ جس کے 3 لاکھ 37 ہزار 428 سیاحوں کا استنبول نے استقبال کیا۔ روسی 2 لاکھ 90 ہزار 985 سیاحوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔

استنبول کے گورنر علی یرلکایا کے مطابق استنبول سیاحوں کی تعداد کے لحاظ سے اس وقت یورپ میں تیسرے اور عالمی سطح پر دسویں نمبر پر ہے۔

کیونکہ آدھی دنیا کے لیے چند گھنٹوں کی پرواز کے ذریعے استنبول تک رسائی ممکن ہے، اس لیے انہوں نے کہا کہ استنبول ایئرپورٹ نے شہر کی شناخت کو مزید مضبوط کیا ہے۔ "ہم اپنے ہوٹلوں، بستروں کی گنجائش، رہائشی سہولیات اور خدمات کے معیار کے ساتھ دنیا میں نمبر ایک ہیں۔ ہماری قیمت کی پالیسیاں بھی بہت مقابلے کی ہیں۔ یہ سب مل کر استنبول کو سیاحت کے لیے بے مثال بناتی ہیں۔ ہمارا ہدف تمام سیاحتی معاملات اور سیاحوں کی تعداد کے لحاظ سے سرفہرست تین شہروں میں داخل ہونا ہے۔”

گورنر نے زور دیا کہ اہداف کو یقینی بنانے کے لیے شہر کے تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں، اور بتایا کہ ترکی آنے والے ہر 100 میں سے 42 افراد استنبول آتے ہیں۔

2019ء کے پہلے پانچ مہینوں میں ترکی میں غیر ملکی سیاحوں کی مجموعی تعداد میں 11.3 فیصد اضافہ دیکھنے کو ملا ہے۔ تقریباً ایک کروڑ 28 لاکھ غیر ملکی افراد جنوری سے مئی کے دوران ملک میں آ چکے ہیں، جبکہ پچھلے سال یہ تعداد ایک کروڑ 15 لاکھ تھی۔

تبصرے
Loading...